زرداری سے گیلانی کی ملاقاتجنوبی پنجاب صوبے پرگفتگو

صدرووزیراعظم آزادکشمیرکی بھی ملاقاتیں، 20 ارب بیل آئوٹ پیکیج کی یقین دہانی


Numainda Express July 26, 2012
اسلام آباد:صدر آصف علی زرداری سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ملاقات کررہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

صدرآصف علی زرداری سے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے بدھ کو ایوان صدر میں ملاقات کی اور انھیں مجوزہ جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے جنوبی پنجاب کے عوام کے جذبات اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے151کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ صدر نے یوسف رضا گیلانی کو ان کے صاحبزادے عبدالقادر گیلانی کی ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ عوام نے پیپلز پارٹی اور سابق وزیراعظم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

صدر نے یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ صدر مملکت سے چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے بھی ملاقات کی ، اس دوران سینیٹ میں زیر التوا قانون سازی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت سے آزاد کشمیر کے صدر سردار یعقوب ، وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور سینئر وزیر چوہدری یاسین بھی ملے ، اس موقع پر صدرنے آزاد کشمیر کیلیے 20ارب روپے کا بیل آئوٹ پیکیج دینے کی یقین دہانی کرا دی اور منگلا ڈیم توسیعی منصوبہ کے متاثرین کی فوری آبادکاری ، اضافی کنبہ جات کی آبادکاری کیلیے وسائل کی فراہمی اور میرپور ،مظفرآباد ،پونچھ کے میڈیکل کالجوں کو وفاقی حکومت کے نارمل بجٹ پر لانے کیلیے ہدایات دیں ۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کی کشمیرپالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئیگی۔ صدر زرداری نے پرناب مکھرجی کو بھارت کا صدر بننے پر مبارکباد دی ہے اور بھارتی عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلیے نیک تمنائوں کا اظہار کیاہے۔ این این آئی کے مطابق صدر کو گورنرتبوک شہزادہ فہد بن سلطان نے ٹیلی فون کرکے رمضان المبارک کی مبارکباد دی ،

صدر مملکت نے سعودی فرمانروا کی جانب سے پاکستان کیلیے دس کروڑ ڈالر امداد پر شکریہ اداکیا۔ آئی این پی کے مطابق صدر نے کراچی کو یومیہ 65 کروڑ گیلن اضافی پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبوںپر فوری کا م کے آغاز کی ہدایت کرتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ کو اسلا م آباد طلب کرلیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں