سانحہ بلدیہ فیکٹری کا مرکزی ملزم گرفتار

سانحہ بلدیہ ملکی تاریخ کا انتہائی سفاکانہ اور بے رحمانہ واقعہ ہے


Editorial December 05, 2016
۔ فوٹو: فائل

HYDERABAD: سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے مرکزی ملزم رحمان عرف بھولا کو تھائی لینڈ میں گرفتار کر لیا گیا، تھائی پولیس اور انٹرپول حکام نے46 سالہ رحمان عرف بھولا کو ریڈ وارنٹ پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بنکاک ریڈلائٹ ایریا میں ایک ہوٹل سے حراست میں لیا۔ اس اہم ترین ملزم کو پاکستان لانے کے لیے ایف آئی اے کی ایک ٹیم بنکاک روانہ ہو چکی ہے۔ واضح رہے ملزم پر الزام ہے کہ اس نے11ستمبر 2012ء کو بھتہ دینے سے انکار پر بلدیہ ٹاؤن کراچی میں فیکٹری کو آگ لگا دی تھی جس میں 259 افراد زندہ جل گئے تھے۔

جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق رحمان بھولا اور حماد صدیقی نے فیکٹری مالکان سے 25 کروڑ روپے بھتہ طلب کیا اور انکار پر فیکٹری کے گودام اور دیگر مقامات پر آتش گیر کیمیکل پھینک کر آگ لگا دی۔ ملزم رحمان بھولا دسمبر 2013ء میں ملک سے فرار ہوا تھا۔ اس نے ایک سال دبئی، 2سال ملائشیا میں گزارے اور ایک ماہ قبل ہی تھائی لینڈ گیا تھا، ادھر ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی نے رحمان بھولا سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

سانحہ بلدیہ ملکی تاریخ کا انتہائی سفاکانہ اور بے رحمانہ واقعہ ہے، اس کے ملزموں کی گرفتاری اور انھیں قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے اور اس گھناؤنی واردات کرانے والے پس پردہ کرداروں کو بھی بے نقاب کیا جانا چاہیے اور انھیں بھی کیفرکردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔