ڈیوڈ کیمرون افغانستان پہنچ گئے برطانوی فوجیوں سے ملاقات

آئندہ برس 5200 فوجیوں کے انخلا کے منصوبے پر عمل کیا جائیگا،برطانوی وزیراعظم


APP December 22, 2012
آئندہ برس 5200 فوجیوں کے انخلا کے منصوبے پر عمل کیا جائیگا،برطانوی وزیراعظم۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے گزشتہ روز افغانستان کا اچانک دورہ کیا اور وہاں تعینات برطانوی فوجیوں سے ملاقات کی۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ کرسمس سے قبل ہوا جس میں انھوں نے برطانوی فوجیوں کو کرسمس کی پیشگی مبارکباد دی ۔ جنوبی افغانستان کے صوبہ ہلمند میں برطانوی فوجی اڈے پراخبار نویسوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیمرون نے کہا کہ افغانستان میں تعینات برطانوی افواج اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے ادا کررہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ برس افغانستان سے5200 برطانوی فوجیوں کے انخلا کے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

17

انھوں نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ برطانوی افواج کے انخلا سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا کیونکہ افغان سیکیورٹی فورسز اپنی ذمے داریاں ادا کررہی ہیں۔ گزشتہ بدھ کو وزیراعظم کیمرون نے برطانوی پارلیمنٹ میں افغانستان سے آئندہ سال نصف کے قریب برطانوی فوجیوں کو واپس بلانے کا اعلان کیا تھا۔دریں اثنا افغان صدر حامد کرزئی نے برطانیہ کی جانب سے آئندہ سال نصف افواج کو واپس بلانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان فورسز ملکی دفاع کے لیے تیار ہیں۔ افغانستان کے صدارتی دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر کرزئی نے کہا ہے کہ آئندہ سال برطانوی فوجوں کے انخلاء کا فیصلہ عوام نے بے حد سراہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں