قائد اعظم یونیورسٹی کا شعبہ طبیعیات ڈاکٹرعبدالسلام کے نام سے منسوب

ڈاکٹرعبدالسلام کو فزکس کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں طبعیات کے نوبیل انعام سے بھی نوازا گیا۔


ویب ڈیسک December 05, 2016
ڈاکٹرعبدالسلام کو فزکس کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں طبعیات کے نوبیل انعام سے بھی نوازا گیا۔ فوٹو؛ فائل

وزیراعظم نوازشریف نے قائداعظم یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ نیشنل سینٹر فار فزکس کو نوبل انعام یافتہ پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر محمد عبدالسلام کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں قائم قائداعظم یونیورسٹی کا شعبہ طبیعیات ڈاکٹر عبدالسلام کے نام سے منسوب کردیا گیا۔ پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے قائد اعظم یونیورسٹی کے نیشنل سینٹر فار فزکس کا نام پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر محمد عبدالسلام کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دے دی اور وفاقی وزارتِ تعلیم کو حکم دیا ہے کہ وہ اِس سلسلے میں باقاعدہ سمری تیار کرے اور صدرِ مملکت کو منظوری کے لیے پیش کرے۔

دوسری جانب وزیر اعظم نے فزکس کے شعبے میں پی ایچ ڈی کرنے والے پاکستانی طالب علموں کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے سالانہ 5 بین الاقوامی فیلو شپ فراہم کرنے کی بھی منظوری دی جسے پروفیسر عبدالسلام فیلو شپ کہا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے یہ قدم پاکستان کے نامور ماہر طبیعیات ڈاکٹر محمد عبدالسلام کی اپنے شعبے میں عظیم خدمات کے اعتراف کے طور پر اُٹھایا جو 20 ویں صدی میں فزکس کے شعبے میں نمایاں نام رہے۔

واضح رہے کہ 1979 میں ڈاکٹر عبدالسلام کو فزکس کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں طبعیات کے نوبل انعام سے بھی نوازا گیا تھا، ڈاکٹر عبدالسلام 20 ویں صدی میں تھیوریٹکل فزکس یعنی غیر عملی طبیعیات میں دنیا بھر کی نمایاں شخصیات میں شامل تھے اور ڈاکٹرعبدالسلام پہلے پاکستانی اور اسلامی دنیا میں دوسرے شخص تھے جنہیں نوبل انعام سے نوازا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں