جشن آمد رسول ؐاللہ ہی اللہ

عید میلادالنبیؐ  کوروایتی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا، فنکار


عید میلادالنبیؐ  کوروایتی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا: فنکار ۔ فوٹو : فائل

ربیع الاول کے بابرکت مہینہ میں دنیا بھر میں بسنے والی امت مسلمہ جشن عید میلادالنبی کو روایتی عقیدت واحترام سے مناتی ہے۔ گلی ، محلوں، شاہراہوں ، گھروں اور عمارتوں کو رنگا رنگ روشنیوں سے سجایا جاتا ہے جبکہ محافل میلاد، سیمینارز اورمساجد میں بھی خصوصی محافل کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ سرکاری اور نجی چینلز پر خصوصی نشریات پیش کی جاتی ہیں، جن میں محفل میلاد ، نعتیہ مشاعرے اور دیگر دینی معلوماتی پروگرام ٹیلی کاسٹ ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ریڈیو پاکستان اوردیگر نجی ریڈیو چینلز بھی اس مناسبت سے خصوصی نشریات پیش کرتے ہیں۔

محافل میلاد میں ہمارے ملک کے معروف نعت خواں ہدیہ عقیدت پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ محفل سماع میں معروف قوال ''جشن آمد رسول '' کا ورد کرتے سنائی دیتے ہیں۔ یہ سلسلہ ماہ ربیع الاول کے دوران جاری رہتا ہے ۔ شہر ہوں یا گاؤں دیہات ، سرکاری ہال ہو یا گراونڈ ہر جگہ محفلوں کا انعقاد ہوتا ہے جبکہ اس دن کی مناسبت سے ملک کے کونے کونے کوسجایا جاتا ہے۔ گویا ہر کوئی اس مبارک دن کی سعادتوں اور مسرتوں میں شریک ہونے کے لئے اپنی توجہ اس پر مرکوز کئے ہوتا ہے۔

بلاشبہ یہ جذبہ دیدنی اور قابل رشک ہے۔ حضور سے محبت اور غلامی کا اظہار جس طرح دنیا بھر کے مسلمان کرتے ہیں، ویسے ہی پاکستان میں بسنے والے مسلمان بھی اس دن کے حوالے سے عقیدت میں ڈوبے نظر آتے ہیں۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی طرح فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں سے وابستہ فنکار، گلوکار، ہدایتکار، پروڈیوسر اوردیگربھی اس ماہ میں اپنی سرگرمیاں محدود کرکے اپنی رہائشگاہوں پرمحفل میلاد کا اہتمام کرتے ہیں۔



جشن عید میلاد النبی کے حوالے سے '' ایکسپریس '' سے گفتگو کرتے ہوئے صدارتی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ شاہدہ منی ، شبنم مجید، سائرہ نسیم کا کہنا تھا کہ میوزک کنسرٹس میں پرفارمنس کا سلسلہ توسال بھرجاری رہتا ہے لیکن ربیع الاول کے بابرکت مہینہ میں تمام مصروفیات ترک کرکے محفل میلاد میں ہدیہ نعت پیش کرتے ہیں۔ یہ آقا دوجہاں سے میری عقیدت کا ایک انداز ہے جس کے لئے پوری کوشش کرتی ہوں کہ ان محافل میں زیادہ سے زیادہ شریک ہوں اور رسول پاک کی شان بیان کرسکیں۔

ان محافل میں شرکت پرخود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ ہمیں حضوؐر کی شان بیان کرنے کے لئے منتخب کیا گیا ہے ، یہ ہمارے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے ۔ معروف نعت خواں فصیح الدین سہروردی ، شہباز قمرفریدی نے کہا کہ ثناء خوان مصطفی کہلوانے میں جو لطف اورمزہ ہے وہ کسی اور اعزاز میں نہیں ہے۔ جب بھی محفل میلاد میں حاضری کے لئے جاتا ہوں تو مجھے ہدیہ نعت پیش کرتے ہوئے ذہنی اور روحانی سکون ملتا ہے ۔ جس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ جہاں تک محفل میلاد سجانے کی بات ہے تو ملک بھر میں وقت کے ساتھ یہ سلسلہ بڑھتا چلا جارہا ہے ۔ جہاں ایک طرف محافل کی تعداد میں حیرت انگیز اضافہ ہورہا ہے وہیں دوسری جانب شرکاء کی دلچسپی اور تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

لوگ اپنی فیملیز کے ہمراہ شریک ہوتے ہیں جنہیں دیکھ کر اطمینان محسوس کرتا ہوں۔ خوش نصیب ہوں کہ مجھے سرکا ر کی ثناء خوانی کا یہ اعزازملا ہے۔ قوال زمان زکی تاجی نے کہا کہ ربیع الاول کے مہینے میں محفل سماع کا سلسلہ ملک کے کونے کونے میں ہی نہیں بلکہ بیرون ممالک میں بھی اس کا انعقاد بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے۔ جہاں تک میری بات ہے تو میں بڑی عقیدت واحترام کے ساتھ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ان محافل میں شریک ہوتا ہوں اور ان روحانی محفلوں میں حصہ لے کر مجھے اچھا لگتا ہے۔

اسی طرح کئی بار ربیع الاول کے مہینہ میں بیرون ملک میں سجائی جانے والی محفلوں میں حاضری کا موقع ملتا ہے تو لوگوں کا حضوؐر پاک سے عشق دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ معروف نعت خواں اویس رضا قادری نے کہا کہ نعت خوانی کا شعبہ بہت محترم ہے اور ثنا خوان مصطفی ہونے کے بعد عزت اور مقام ملا اس کو لفظوں میں تو بیان نہیں کیا جاسکتا، لیکن جب بھی حضوؐر کی شان بیان کرتا ہوں تو بہت سکون محسوس کرتا ہوں۔ ملک بھر میں محفلیں سجائی جارہی ہیں ، کونے کونے سے حضور کی شان بیان ہونے کی آواز سنائی دے رہی ہے۔

امت مسلمہ روایتی عقیدت واحترام کے ساتھ اس سلسلہ کو جاری رکھے ہوئے ہے اور یہ سلسلہ تاقیامت جاری رہے گا۔ نعت خواں عابد روف قادری نے کہا کہ ہدیہ نعت پیش کرنے سے مجھے جو عزت اور شہرت ملی وہ سب کے سامنے ہے۔ اس لئے مجھے ثنائے خوان مصطفی ہونے اور کہلوانے پر فخر ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ وہ بہت خوش قسمت لوگ ہوتے ہیں جن کو اس کام کے لئے منتخب کیا جاتا ہے میں ان خوش نصیب لوگوں میں سے ایک ہوں۔



معروف قوال سکندربدرمیانداد خان نے کہا کہ ملک بھر میں محفل سماع کا انعقاد کیا جارہا ہے جن میں علماء کرام حضوؐر کی شان بیان کرتے ہیں تو دوسری جانب قوالی کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے ۔ فن قوالی ہمارا خاندانی کام ہے لیکن محفل سماع میں حاضری بہت ہی عقیدت واحترام کے ساتھ کرنا اپنا اولین فرض سمجھتا ہوں۔ کیونکہ حضوؐر پاک کی شان اس وقت تک بیان نہیں کی جاسکتی جب تک اس میں عقیدت شامل نہ ہو۔ معروف اداکارقوی خان نے کہا کہ ربیع الاوّل کے مہینہ میں جس طرح سے ملک بھر کو سجایا جاتا ہے اور اس دن کوعقیدت واحترام سے منایا جاتا ہے اس کی مثال دوسرے ممالک میں نہیں ملتی۔ اداکارہ میگھا نے کہا کہ ربیع الاول کے بابرکت مہینہ میں ملک بھر میں سیمینارز کا انعقاد ہوتا اور اس کے ساتھ محفل میلاد اور سماع کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

یہی نہیں امت مسلمہ اس دن کوبھرپورانداز سے منانے کیلئے اپنے گھروں اورسرکاری عمارتوں پرچراغاں کرتی ہے اورہرطرف جشن کاسماں سا ہوتا ہے۔ یہ سماں واقعی دیدنی اوریادگارہوتاہے۔ اداکار مصطفی قریشی اوربہاربیگم نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں عید میلادالنبی کے حوالے سے تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ جہاں معروف نعت خواں ہدیہ نعت پیش کرتے ہیں وہیں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی بھی ایک بڑی تعداد وہاں موجود ہوتی ہے۔ خاص طور پر خواتین اور بچوں کو ان محفلوں میں دیکھ کر دلی خوشی ہوتی ہے ۔ میری دعا ہے کہ جشن عیدمیلادالنبی کا دن نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ خیروعافیت کے ساتھ گزرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں