سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر فاروق عبداللہ کا حریت رہنماؤں کی حمایت کا اعلان

تحریک آزادی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں اب اس تحریک کو اختتام پرتک لے جایا جائے، فاروق عبداللہ کا حریت رہنماؤں کو پیغام


ویب ڈیسک December 05, 2016
تحریک آزادی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں اب اس تحریک کو اختتام پرتک لے جایا جائے، فاروق عبداللہ کا حریت رہنماؤں کو پیغام ۔ فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اورنیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے تحریک آزادی میں حریت رہنماؤں کی مکمل مدد پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کی تحریک کو اب اختتام تک لے جایا جائے ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

سری نگر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا کہ علیحدگی پسندوں کو نیشنل کانفرنس کو اپنا دشمن نہیں سمجھنا چاہیے، ان کی جماعت تب تک ان کے ساتھ ہے جب تک وہ صحیح راستے کی طرف قوم کی رہنمائی کریں گے۔

فاروق عبداللہ نے حریت رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں اب اس تحریک کو اختتام تک لے جایا جائے کیوں کہ ہم نے اس میں بہت جانیں دی ہیں۔ انہوں نے اپنے پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ تحریک آزادی میں حریت رہنماؤں کا ساتھ دیں۔

مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا مطالبہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نریندر مودی مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں جب کہ مجھے امید ہے کہ مودی عنقریب پاکستان کے ساتھ بات کریں گے کیونکہ اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔

کچھ روز قبل فاروق عبداللہ نے بھارت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان کو طاقت سے ڈرا نہیں سکتا جس کے بعد اترپردیش کی ایک عدالت میں ان کے خلاف مقدمہ بھی دائر کیا گیا تھا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر حریت کانفرنس حق کی بات کرے گی تو ان کی جماعت نیشنل کانفرنس ان کا ساتھ دے گی۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مظفر وانی کی شہادت کے بعد آزادی کی تحریک زور پکڑ چکی ہے جس کے بعد وادی میں قابض فوج کی بربریت میں اب تک بچوں اور خواتین سمیت متعدد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔