کرن جوہر اور کاجول ایک دوسرے کو نظر انداز کرنے لگے

اجے دیوگن اور کرن جوہر کی لڑائی میں کاجول کی پرانی دوستی میں دراڑ آگئی۔

اجے دیوگن اور کرن جوہر کی لڑائی میں کاجول کی پرانی دوستی میں دراڑ آگئی۔ فوٹو؛ فائل

بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار کرن جوہر اور اداکارہ کاجول کی دوستی میں دراڑ آگئی اور اب انہوں نے تقریبات میں ایک دوسرے کو نظرانداز کرنا شروع کردیا ہے۔

ادکارہ کاجول نے ہدایتکار کرن جوہر کی متعدد فلموں میں کام کیا ہے جس کے باعث دونوں میں خوب دوستی بھی تھی جس کا برملا اظہار کیا جاتا تھا لیکن اب اپنے شوہر اجے دیوگن کی وجہ سے دونوں کی دوستی میں دراڑیں آگئی ہیں۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اجے دیوگن کی فلم ''شیوے'' اور ہدایتکار کرن جوہر کی فلم ''اے دل ہے مشکل'' کی نمائش کے معاملے پراختلافات ہوگئے تھے اور اجے دیوگن نے ہدایتکار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اس لڑائی کا اثر کرن جوہر اور کاجول کی دوستی پر بھی پڑ گیا ہے اور دونوں کی دوستی میں دراڑ آگئی ہے۔

گزشتہ دنوں بالی ووڈ کے معروف فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا کی 50 ویں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں اداکارہ کاجول اور ہدایتکار کرن جوہر سمیت متعدد فلمی ستاروں نے شرکت کی جب کہ تقریب میں پرانے دوست ایک دوسرے سے ملنے سے کتراتے رہے اور پوری تقریب میں ایک دوسرے کو نظر اندازکیا۔

واضح رہے کہ ہدایتکار کرن جوہر اور کاجول نے ''کچھ کچھ ہوتا ہے''،''کبھی خوشی کبھی غم'' اور ''مائی نیم از خان'' جیسی بلاک بسٹر فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔
Load Next Story