سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس کی سماعت آج پھر ہوگی

وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز نے لندن پارک لین فلیٹس کی ملکیت سے متعلق ریکارڈ عدالت میں جمع کرادیا۔


ویب ڈیسک December 06, 2016
وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز نے لندن پارک لین فلیٹس کی ملکیت سے متعلق ریکارڈ عدالت میں جمع کرادیا۔ فوٹو؛ فائل

سپریم كورٹ میں پاناما لیكس كی تحقیقات كے لیے دائر درخواستوں كی سماعت آج ہوگی جب کہ وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز نے لندن پارک لین فلیٹس کی ملکیت سے متعلق ریکارڈ عدالت میں جمع کرادیا۔

چیف جسٹس انور ظہیر جمالی كی سربراہی میں جسٹس آصف سعید كھوسہ، جسٹس امیرہانی مسلم، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل پانچ ركنی بنچ چیرمین تحریك انصاف عمران خان، امیر جماعت اسلامی پاكستان سراج الحق، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد اور طارق اسد ایڈووكیٹ كی طرف سے دائر كردہ درخواستوں كی آٹھویں سماعت كرے گا،دوران سماعت عمران خان كے وكیل نعیم بخاری اپنے دلائل مكمل كریں گے۔

جماعت اسلامی كی طرف سے اس كیس میں متفرق درخواست بھی دائر كی گئی ہے جس میں عدالت سے درخواست كی گئی ہے كہ عدالت اس كیس میں مزید دلائل سننے كے بجائے عدالتی كمیشن قائم كرے اور متعلقہ تحقیقاتی اداروں نیب یا ایف آئی اے سے معاملے كی مكمل چھان بین كرائی جائے۔

دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسین نوازنے لندن پارک لین فلیٹس کی ملکیت سے متعلق ریکارڈ سپریم کورٹ میں جمع کرادیا۔ حسین نوازکے وکیل اکرم شیخ نے ایک اضافی درخواست کے ذریعے چاروں فلیٹس کی خریداری سے متعلق ریکارڈ سپریم کورٹ میں جمع کرادیا جس میں بتایا گیا ہے کہ نیسکول کمپنی نے فلیٹ ون سیون 1993 میں 5 لاکھ 85 ہزار پاؤنڈ میں خریدا اور نیلسن کمپنی نے فلیٹ 16 اور 16 اے 10 جولائی 1995 کو 10 لاکھ 75 ہزار پاؤنڈز میں خریدا جب کہ نیسکول کمپنی نے فلیٹ 17 اے 5 جولائی 1996 کو 2 لاکھ 45 ہزار پاؤنڈ میں خریدا اور چاروں اپارٹمنٹس 19 لاکھ 5 ہزار پاؤنڈز میں خریدے گئے۔

ریکارڈ میں بتایا گیا ہےکہ جس وقت فلیٹ خریدے گئے اس وقت نیلسن اور نیسکول کمپنیاں الثانی خاندان کی ملکیت تھیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فلیٹس کی خریداری سے متعلق دستاویزات کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے کیونکہ دستاویزات کو ریکارڈ پر لانے سے انصاف ہوسکے گا۔

ادھر چیرمین پاكستان تحریك انصاف عمران خان نے پارٹی كے مركزی سیكرٹری جنرل جہانگیرخان ترین كے ہمراہ پانامالیكس كیس میں پارٹی كی قانونی ٹیم سے ملاقات كی جس میں قانونی ٹیم كے سربراہ نعیم بخاری، ملائكہ بخاری اورسكندر مہمند بھی موجود تھے ۔اس موقع پر آج سپریم كورٹ میں پانامالیكس كیس كی سماعت كے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال كیاگیا جب کہ كیس كے سلسلے میں نئے شواہد اور دستاویزكا بھی جائزہ لیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔