صدر براک اوباما نے سینیٹر جان کیری کو نیا وزیر خارجہ نامزد کردیا

صدر براک اوباما نے جان کیری کو آئندہ برسوں میں امریکی سفارت کاری کی رہنمائی کے لیے ایک بہترین انتخاب قرار دیا ہے


ویب ڈیسک December 22, 2012
صدربراک اوباما نے جان کیری کو آئندہ برسوں میں امریکی سفارت کاری کی رہنمائی کے لیے ایک بہترین انتخاب قرار دیا ہے،فوٹو : فائل

امریکی صدر براک اوباما نے سینیٹر جان کیری کو ملک کا نیا وزیر خارجہ نامزد کردیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق صدر براک اوباما نے جان کیری کو آئندہ برسوں میں امریکی سفارت کاری کی رہنمائی کے لیے ایک بہترین انتخاب قرار دیا ، ریاست کولاراڈو میں پید اہونے والے 69 سالہ جان کیری ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں ، کیری نے ابتدائی تعلیم نیو ہیمشائر کے بورڈن اسکول میں حاصل کی اور یل یونیورسٹی سے گریجویشن کی جس کے بعد 1966 میں وہ بحریہ میں بھرتی ہوگئے اورویت نام جنگ میں حصہ لیا۔

1984 میں جان کیری نے سیاست کے میدان میں قدم رکھا اور امریکی سینیٹ میں جگہ بنائی۔ 2004 کی صدارتی دوڑ میں ڈیموکریٹ جماعت نے ان کو اپنا امیدوار نامزد کیا لیکن وہ جارج بش سے ہار گئے ۔ 2008 میں بھی کیری وزیر خارجہ کے عہدے کے لیے امیدوار تھے لیکن ہیلری کلنٹن کو وزیر خارجہ بنا دیا گیا، جان کیری 2009 سے سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔

واضح رہے کہ سینیٹر جان کیری کو پاکستان کا ہمدرد اور دوست تصورکیا جاتا ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان کئی مواقعوں پرپیدا ہونے والے تناؤ کے حل میں سینیٹر جان کیری نے اہم کردار ادا کیا ۔ریمنڈ ڈیوس کی امریکی حوالگی سے قبل بھی سینیٹرجان کیری نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے بعد ہی ریمنڈ کی رہائی عمل میں آئی۔ پاکستان کو دی جانے والی امریکی امداد کے حوالے سے بھی سینیٹر جان کیری نے سینیٹر لوگر کے ساتھ مل کر ایک بل بھی پاس کرایا تھا جسے ''کیری لوگر بل'' کے نام سے جانا جاتا ہے۔

سینیٹ سے منظوری کے بعد جان کیری وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کی جگہ لیں گے جو صدر براک اوباما کی دوسری صدارتی مدت میں اپنی موجودہ ذمہ داریاں نبھانے سے معذرت کرچکی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں