دہشت گردوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا سربراہ پاک فوج

آرمی چیف نے کورہیڈ کوارٹر سدرن کمانڈ کا دورہ کیا جہاں انہیں بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔


ویب ڈیسک December 06, 2016
آرمی چیف نے کورہیڈ کوارٹر سدرن کمانڈ کا دورہ کیا جہاں انہیں بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ فوٹو؛ فائل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کوکسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جب کہ قیام امن کے لیے صوبائی حکومت سے ہرممکن تعاون کیا جائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورہیڈ کوارٹر سدرن کمانڈ کا دورہ کیا جہاں کورکمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے آرمی چیف کا استقبال کیا جب کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ ترجمان کے مطابق آرمی چیف کو بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جب کہ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔



پاک فوج کے سربراہ نے دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کوکسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جب کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں انٹیلیجنس اور سیکیورٹی اداروں سے تعاون کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچوں نے امن وامان کی بہتری کے لیے قربانیاں دی ہیں، سیکیورٹی اداروں ، عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی جب کہ صوبے میں امن کی بحالی کے لیے صوبائی حکومت کو ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

آرمی چیف نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبوں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے اور پسماندہ علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بھی مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں