وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے مخالفین جمہوری حکومت میں احتجاج کرتے ہیں اور آمریت میں چھپ جاتے ہیں۔
فتح جنگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے قیام سے اب تک عوام کی بات کی ہے،ہم عوام کے لئے اپنی جان بھی قربان کرتے ہیں لیکن مخالفین کا کام صرف تنقید اور اندھیروں میں سازشیں کرنا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مخالفین جمہوری حکومت پر تنقید اور آمر کے دور میں چھپ جاتے ہیں۔ ہم پر تنقید کرنے والے عوام سے اپنا تعلق ثابت کرتے ہیں۔ ایک روز ایک جماعت جلسہ کرکے ٹی وی پر شور کرتی ہے کہ ان کی حکومت آرہی ہے، دوسرے دن دوسرے شور کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی گاؤں میں بھی جلسہ کرتی ہے تو لاکھوں لوگ اس میں شرکت کرتے ہیں جو یہ ثابت کرتا ہے کہ عوام کس کے ساتھ ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے اپنے خظاب میں مذید کہا کہ ایک زمانے میں پیپلز پارٹی کے مخالفین نے اسلام کے نام پر عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی انہوں نے متحد ہوکر جعلی ووٹوں کے ذریعے ہمیں ہرانے کی کوشش کی لیکن ان تمام سازشوں کے باوجود پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی ۔ اب تو پیپلز پارٹی کے بھی ملک بھر میں اتحادی ہیں،ہم دیکھیں گے کہ اب کیسے جعلی ووٹ ڈلوائے جاتے ہیں۔