قوم چاہتی ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ عدالت کرے عمران خان

اصولی اور اخلاقی طور پر وزیراعظم کو استعفی دینا چاہیے کیونکہ سپریم کورٹ میں ان کا احتساب ہورہا ہے، عمران خان


ویب ڈیسک December 07, 2016
اخلاقی طور پر وزیراعظم کو استعفی دینا چاہیے، عمران خان۔ فوٹو : فائل

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم چاہتی ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ عدالت کرے جب کہ اصولی اور اخلاقی طور پر وزیراعظم کو استعفی دینا چاہیے کیونکہ سپریم کورٹ میں ان کا احتساب ہورہا ہے۔

عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ پارلیمنٹ سے وزیراعظم کا خطاب ایک سیاسی بیان تھا،آئین کے آرٹیکل کے تحت وزیراعظم پارلیمنٹ کو جواب دہ ہیں لہذا جب نواز شریف پر دباؤ بڑھا تو انہوں نے پارلیمنٹ میں جواب دیا اور کہا کہ منی ٹریل کے سارے کاغذات موجود ہیں لیکن آج پتہ چلا کہ ان کے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نئی چیز سنی ہے کہ پرچیوں پر کاروبار تھا، یہاں ہزار روپے عام آدمی کو کوئی نہیں دیتا لیکن انہیں اربوں روپے کون دیتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آج عدالت نے آپشن دیا ہے کہ کمیشن بنایا جائے یا خود فیصلہ کریں لہذا ہم نے مشاورت کے لیے 2 دن مانگے ہیں اور پرسوں فیصلہ کریں گے، مشاورت کریں گے کہ جو کمیشن بنے گا اس کے کیا ٹی او آرز ہوں گے لیکن قوم اور ہم چاہتے ہیں کہ عدالت فیصلہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ سارے ادارے حکومت کےماتحت ہیں، ایف بی آر، ایف آئی اے اور نیب ان کے ماتحت ہے تو وہ کیسے تحقیقات کریں گے لہذا اصولی اور اخلاقی طور پر وزیراعظم کو استعفی دینا چاہیے کیونکہ سپریم کورٹ میں ان کا احتساب ہورہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں