طیارہ حادثے میں جنید جمشید اور ان کی اہلیہ بھی جاں بحق

جنید جمشید اپنی اہلیہ کے ہمراہ دعوت تبلیغ کے سلسلے میں چترال گئے تھے

جنید جمشید اپنی اہلیہ کے ہمراہ دعوت تبلیغ کے سلسلے میں چترال گئے تھے، فوٹو؛ فائل

حویلیاں کے قریب پی آئی اے کا مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس میں معروف نعت خواں جنید جمشید بھی اہلیہ کے ہمراہ سوار تھے جو حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے۔

چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا مسافر طیارہ پی کے 661 حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں عملے سمیت 47 افراد سوار تھے جن میں معروف اسکالر جنید جمشید اور ان کی اہلیہ بھی شامل تھیں۔

جنید جمشید دعوت تبلیغ کے سلسلے میں چترال گئے تھے جب کہ انہیں جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کی مسجد میں بھی خطاب کرنا تھا، جنید جمشید کے بھائی نے بھی تصدیق کی ہے کہ جنید جمشید بھی اسی پروا ز میں تھے۔

حادثے کے بعد ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں اور طیارے کے ملبے سے اب تک 42 لاشیں نکالی لی گئی ہیں۔ این ڈی اے حکام کا کہنا ہےکہ لاشوں کی بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے شناخت کی جائے گی جس کے لیے نادرا کا موبائل بائیو میٹرک سسٹم اسپتال پہنچایا جائے گا۔ سیکریٹری داخلہ کا کہنا ہےکہ لاشوں کی شناخت کے لیے ایف آئی اے اور نادرا کی ٹیمیں موجود ہیں، سیکریٹری داخلہ نے تمام لاشیں ایوب میڈیکل کمپلیکس پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔


حادثے سے قبل جنید جمشید نے جہاز میں سوار ہونے سے پہلے ائیر پورٹ پر تصویر بھی بنوائی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فوکر طیارہ ان کے پیچھے کھڑا ہے اور جنید جمشید طیارے کے عملے اور لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔



اس خبر کو بھی پڑھیں: حویلیاں کے قریب پی آئی اے کا مسافر طیارہ گرکر تباہ



https://www.dailymotion.com/video/x54n7om_pia-plane-crash_news
Load Next Story