صنعتکاروں و سرمایہ کاروں کا تحفظ ترجیح ہے چیئرمین ایپزا

ایکسپورٹ پراسسنگ زون کو ’نو کرائم ایریا‘بنادیا،سیکٹرکمانڈر بھٹائی رینجرز سے ملاقات

بریگیڈیئر جاوید بلوچ نے کراچی کے صنعتی علاقوں میں اضافی نفری تعینات، گشت بڑھانے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ فوٹو: فائل

چیئرمین ای پی زیڈ اے (ایپزا) سعادت ایس چیمہ نے کہا ہے کہ کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے صنعتکاروں و سرمایہ کاروں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔

کراچی زون کو نو کرائم ایریا اور فول پروف سیکیورٹی زون بنادیا گیا ہے، ملحقہ علاقوں میں ٹریفک جام ہونے کی صورت میں سرمایہ کاروں کو نہ صرف پریشانی بلکہ لوٹ مار کی وارداتوں کا سبب بھی بنتا ہے، اس کے لیے موثر حکمت عملی بنانے سے جرائم کی شرح میں مزید کمی آ سکتی ہے، پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کاوشوں سے کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز کے گرد و نواح میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔




ان اقدامات سے زونز کے صنعت کار اور عوام کو بھی تحفظ ملاہے، زون کے اندر انٹرنل سیکیورٹی مزید فعال اور بہتر کردی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکٹر کمانڈر بھٹائی رینجرز بریگیڈیئرجاوید حسین خان بلوچ کے کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے دورے کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا۔ بریگیڈیئر جاوید بلوچ نے کراچی کے صنعتی علاقوں میں اضافی نفری تعینات، گشت بڑھانے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ بریگیڈیئر جاوید نے کہا کہ متعلقہ علاقے کی سیکورٹی کیلیے چوبیس گھنٹے رینجرز کے اہلکار متعین ہیں تاکہ صنعتکار پرامن طریقے سے سرمایہ کاری کرسکیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ لیفٹنٹ کرنل آفتاب احمد، لیفٹنٹ کرنل صابر بھی موجود تھے۔
Load Next Story