جنید جمشید کے جاں بحق ہونے پر فنکار برادری افسردہ

جنید جمشید رشتے نبھانے والا بہت اچھا انسان اور بڑے دل کے آدمی تھا، گلوکار ابرار الحق

جنید جمشید رشتے نبھانے والا بہت اچھا انسان اور بڑے دل کے آدمی تھا، گلوکار ابرار الحق، فوٹو؛ فائل

طیارہ حادثے میں معروف نعت خواں جنید جمشید کے جاں بحق ہونے پر شوبز سے وابستہ شخصیات نے اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

فخر عالم نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے جنید جمشید بھی حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں سوار تھے، وہ بہت ہی اچھے انسان تھے، میں نے ان کے ساتھ بہت کام کیا اور بہت سے دورے بھی کیے، میری دعا ہے کہ اللہ کوئی معجزہ کردے جس سے جہاز میں سوار کچھ لوگ زندہ بچ جائیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: جنید جمشید کا ٹوئٹر اور فیس بک پر آخری اسٹیٹس


گلوکار علی عظمت نے کہا کہ میں ابھی تک صدمے میں ہوں اور مجھے اس حادثے کا یقین ہی نہیں آرہا لیکن چونکہ اس راہ پر ہم سب نے جانا ہے، اللہ جنید کی مغفرت کرے۔ انہوں نے کہا کہ جنید جمشید نے اپنی زندگی میں بہت سے اچھے کام کیے اور وہ بہت اچھا اور پیار کرنے والا انسان تھا، ایسے لوگ دنیا میں بہت کم آتے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: جنید جمشید کی زندگی پر ایک نظر

گلوکار ابرار الحق نے بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنید جمشید رشتے نبھانے والا بہت اچھا انسان اور بڑے دل کا آدمی تھا۔ اداکارہ ماریہ واسطی نے جنید جمشید کی موت کو بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہت ہی اچھے اخلاق کے مالک تھے اور سب سے بہت اچھے طریقے سے ملتے اور بات کرتے تھے جب کہ حال ہی میں وہ میرے پرگروام میں بھی شریک ہوئے تھے۔ گلوکار سجاد علی اور شہزاد رائے نے بھی جنید جمشید کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
Load Next Story