ایم کیوایم کسی قومیت مذہب اور مسلک کیخلاف نہیں

اراکین رابطہ کمیٹی گلفرازخٹک ،افتخاررندھاوا،یوسف شاہوانی کاتاجروں سے خطاب.

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن افتخار رندھاوا پختون تاجروں سے خطاب کررہے ہیں، گلفراز خٹک اور یوسف شاہوانی بھی موجود ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین گلفراز خان خٹک ، افتخار اکبر رندھاوا اور یوسف شاہوانی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم بلاتفریق مذہب ، مسلک ، قومیت ، رنگ ، نسل و زبان انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اورقائد تحریک الطاف حسین کے فکرو فلسفہ اور نظریے میں ہی ملک کی تمام مظلوم قومیتوںکے حقوق کے حصول کی ضمانت موجود ہے۔

ان خیالات کااظہاررابطہ کمیٹی کے اراکین نے گذشتہ روز خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں کراچی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے پختون تاجروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں پختون تاجروں نے قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے توہین عدالت کے نوٹس پر عوام کی جانب سے جاری عدلیہ مخالف احتجاجی مظاہروں کی منسوخی کو دانشمندنہ فیصلہ قرار دیا اور اس فیصلے پر جناب الطاف حسین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہاکہ کراچی میں تمام قومیتوں اور برادری کے لوگ آباد ہیں اور اسی لیے شہر کراچی منی پاکستان کہلاتا ہے۔




انھوں نے کہاکہ جو سازشی اور نام نہاد عناصر شہر کراچی میں مختلف قومیتوں کے ساتھ ایم کیوایم کے ناروا سلوک کی دہائیاں دیتے ہیں ،وہ جھوٹ اور الزام تراشیوں کا سلسلہ اپنائے ہوئے ہیں جو نہ صرف کھلی کراچی اور ملک دشمنی ہے بلکہ ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں کے خلاف گھنائونی سازش ہے۔

انھوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کسی قومیت ، مذہب اور مسلک کے خلاف نہیں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ایک منظم سازشی منصوبہ کے تحت شہر کراچی میں پختون مہاجر ،سندھی مہاجر ، پنجابی مہاجر ، بلوچ مہاجر فسادات کو ہوا دی جاتی ہے تاکہ قائد تحریک الطاف حسین کے حق پرستانہ فکر وفلسفہ اور نظریے سے جن قومیتوں کے افراد متاثر ہورہے ہیں اور حق پرستی کا نظریہ اپنا کر حقوق کی جدوجہد میں شامل ہورہے ہیں انہیں بد ظن کیا جاسکے، رابطہ کمیٹی کے اراکین نے واضح کیا کہ ایم کیوایم کو مظلوم قومیتوں کے حقوق کی جدوجہدجاری رکھنے سے کسی بھی ذریعے سے سازشی ہتھکنڈے استعمال کرکے ہرگز نہیں روکا جاسکتا اور ایم کیوایم میں شامل تمام قومیتوں کے حق پرست عوام قائد تحریک الطاف حسین کو ہی اپنا نجات دہندہ مانتے ہیں۔
Load Next Story