طیارہ حادثہ ڈی این اے کیلئے لواحقین سے خون کے نمونے لینے کا عمل مکمل

غیر ملکی مسافروں کے لواحقین کی پاکستان آمد کے بعد ان کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی لیا جائے گا، انتظامیہ پمز اسپتال


ویب ڈیسک December 09, 2016
ڈی اين اے رپورٹ کے فوراً بعد میتیں لواحقين کے حوالے کر دی جائیں گی، ڈاکٹر الطاف حسین۔ فوٹو: فائل

پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں لواحقین کے حوالے کرنے کے لئے ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے خون کے نمونے لینے کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پمز اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر الطاف حسین کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کرنے کے لئے ڈی این اے ٹیسٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور سوائے غیر ملکیوں کے تمام افراد کے لواحقین کے خون کے نمونے حاصل کر لئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکیوں میں ہينگ کينگ، ہارونگ اورسچل بينگر کے ورثا کی پاکستان آمد کا انتظار ہے، تینوں غیر ملکیوں کے ورثا کی پاکستان آمد کے بعد ان کے بھی خون کے نمونے حاصل کئے جائیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: طیارہ حادثے میں جنید جمشید سمیت 47 افراد جاں بحق

ڈاکٹر الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے خون کے نمونے ترجیحی بنیادوں پر ليبارٹريز بھيجے جا رہے ہیں، ڈی اين اے رپورٹ کے فوراً بعد میتیں لواحقين کے حوالے کر دی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے آخری نمونے حسینہ گل سے آج صبح 5 بجےحاصل کیے گئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: وزیراعظم نوازشریف کی طیارہ حادثے کی تحقیقات کی ہدایت

واضح رہے کہ دو روز قبل چترال سے اسلام آباد آنے والے پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے کو حویلیاں میں حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں معروف نعت خوان جنید جمشید اور ڈی سی چترال عمر چیمہ سمیت 47 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ 8 مسافروں کی شناخت ہونے کے بعد متیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں جب کہ 39 افراد کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں