طیارہ حادثہ تحقیقاتی ٹیم نے باضابطہ تحقیقات کا آغازکردیا

ٹیم نے تحقیقات مکمل ہونے تک حکام کو جائے حادثہ سے طیارے کا ملبہ اٹھانے سے روک دیا۔


ویب ڈیسک December 09, 2016
ٹیم نے تحقیقات مکمل ہونے تک حکام کو جائے حادثہ سے طیارے کا ملبہ اٹھانے سے روک دیا۔ فوٹو؛ ایکسپریس

طیارہ حادثے کی تحقیقاتی ٹیم نے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کردیا جب کہ ٹیم نے حکام کو جائے حادثہ سے طیارے کا ملبہ اٹھانے سے بھی روک دیا۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق طیارہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے قائم کی گئی تحقیقاتی ٹیم نے باضابطہ طور پر تحقیقات کا آغاز کردیا اور اس سلسلے میں سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کی 6 رکنی ٹیم نے جائے حادثہ کا بھی دورہ کیا، ٹیم نے جائے حادثہ سے مزید شواہد اکٹھا کرلیے جب کہ حکام کو تحقیقات مکمل ہونے تک طیارے کا ملبہ اٹھانے سے روک دیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: وزیراعظم کی حادثے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی ہدایت



دوسری جانب حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کے لیے کراچی پہنچا دیا گیا ہے جہاں بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کے لیے فرانسیسی ٹیم کی آمد کا انتظار کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ فرانسیسی ٹیم کی آئندہ 48 گھنٹوں میں کراچی آمد متوقع ہے جب کہ ٹیم کی معاونت کے لیے پاکستانی ماہرین بھی موجود ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر فرانس کی ٹیم بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کے لیے کراچی پہنچتی ہے تو پی آئی اے کے پاس ڈی کوڈ کرنے کے انتظامات موجود ہیں جب کہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے بلیک باکس کو فرانس بھجوانے پر بھی مشاورت جاری ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ڈی این اے کیلئے لواحقین سے خون کے نمونے لینے کا عمل مکمل

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے کا چترال سے اسلام آباد جانے والا طیارہ حویلیاں کے قریب گرکر تباہ ہوا جس میں جہاز کے عملے سے 47 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ طیارے میں معروف نعت خواں جنید جمشید بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ سوار تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں