سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولتوں کا تسلسل جاری رکھا جائے شہباز شریف

صحت عامہ کی بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں کوئی غفلت یا کوتاہی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی،وزیراعلی پنجاب


ویب ڈیسک December 09, 2016
صحت عامہ کی بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں کوئی غفلت یا کوتاہی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی،وزیراعلی پنجاب. فوٹو:فائل

KARACHI: وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں اور کمشنرز ، ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن افسران اور محکمہ صحت کے حکام اسپتالوں کے باقاعدگی سے دورے کریں۔

لندن سے حکام کو جاری کردہ احکامات میں وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبہ میں بہترین خدمات کی فراہمی ضلعی اور ڈویژنل حکام کی ذمہ داری ہے اور انہیں یہ ذمہ داری ہرصورت نبھانا ہے، ضلعی اور ڈویژنل حکام سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی بہتری کو اپنی اولین ترجیح بناتے ہوئے آگے بڑھیں اورعوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں اربوں روپے کی لاگت سے فراہم کی جانے والی ادویات مستحق مریضوں تک ہر صورت پہنچنی چاہیئے، دکھی انسانیت کی خدمت، درد دل اور خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر کی جائے اور منتخب نمائندے ، انتظامیہ اور صحت کے شعبہ سے وابستہ افراد دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے محنت سے کام کریں ۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ صحت عامہ کی بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں کوئی غفلت یا کوتاہی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی،عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی میرا مشن ہے، جب تک مریضوں کو تسلی بخش علاج مہیا نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھوں گا اور اسپتالوں کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عبادت ہے، شعبہ صحت سے وابستہ افراد احساس ذمہ داری سے اپنے فرائض ادا کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں