’’ون مین آرمی‘‘ وارنر نے کیوی بولنگ کو برباد کردیا

لگاتاردوسری سنچری،آسٹریلیا تیسرے ون ڈے میں117رنزسے فتحیاب،کلین سوئپ مکمل


AFP December 10, 2016
اسمتھ نے کمنز کی گیند پر ٹرینٹ بولٹ (1)کا شاندار کیچ تھام کر ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کردی۔ فوٹو : اے ایف پی

''ون مین آرمی'' وارنر نے کیوی بولنگ کو بربادکردیا،اوپنر نے لگاتار دوسری سنچری داغ کرآسٹریلیا کوتیسرے ون ڈے میں117 رنز سے کامیابی دلائی،کلین سوئپ کی بدولت چیپل ہیڈل ٹرافی پر میزبان ٹیم کا قبضہ ہوگیا، وارنرکومیچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 264رنز بنائے،اوپنر ڈیوڈ وارنر 128 گیندوں پر 156کی اننگزکھیل کرآخری گیند پررن آئوٹ ہوگئے، انھوں نے 13چوکے اور4 چھکے جڑے، یہ کیویزکیخلاف ان کی لگاتار دوسری سنچری بنی، اس سے قبل وارنر نے منگل کو کینبرا میں بھی119رنز اسکور کیے تھے، وہ دونوں ٹیموں میں واضح فرق ثابت ہوئے،انھوں نے مشکل وقت میں جارج بیلی (23) کے ہمراہ 62 اور ٹریوس ہیڈ (37) کی رفاقت میں 105 رنز جوڑے، وارنر کو 18 کے انفرادی اسکور پرایک چانس ملا، جب انھوں نے لیوکی فرگوسن کی گیند کو ڈیپ مڈ وکٹ کی جانب پل کیا لیکن نکولس ڈائیو لگانے کے باوجود نیچے رہنے والا مشکل کیچ نہیں تھام سکے۔

اس سے قبل آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا، ٹیم نے11رنزپر2وکٹیں گنوانے کے بعد مزید دو نقصانات برداشت کرکے اسکور74 تک پہنچایا، ٹرینٹ بولٹ نے 3 جبکہ مچل سینٹنر اور کولن ڈی گرینڈ ہوم نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، جوابی اننگز میں مہمان ٹیم36.1 اوورز میں147رنز پر ہمت ہارگئی، مچل اسٹارک نے ہنری نکولس (3)اور کولن مونرو(20) کو یارکر پر قابو کیا، مچل سینٹنر(15) ریورس سوئنگ گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، انھوں نے 34رنز کے عوض 3 شکار کیے، ٹام لیتھم (28)کمنز کی گیند پر جیمز فالکنرکا کیچ بنے،کین ولیمسن (13)کو فالکنر نے ایل بی ڈبلیو کیا، مارٹن گپٹل (34) نے ہیڈ کی باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی بے ڈھنگی کوشش میں بیلی کو کیچ تھمایا، اسمتھ نے کمنز کی گیند پر ٹرینٹ بولٹ (1)کا شاندار کیچ تھام کر ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں