پنجاب حکومت کیساتھ مل کرچلوں گا مخدوم احمد محمود

مفاہمت کی سیاست کوآگے بڑھائونگا،یہ افواہ درست نہیں کہ پیر پگارا نے مجھ سے استعفیٰ لیا

جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیاں دور کرنے کیلیے جدوجہد جاری رکھونگا، ایکسپریس کوانٹرویو

KARACHI:
پنجاب کے نئے نامزد گورنر مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ گورنرکا عہدہ آئینی عہدہ ہے اوراس کا تقاضا ہے کہ گورنرکے پاس کسی پارٹی کا کوئی عہدہ نہ ہو اسی لیے فنکشنل لیگ پنجاب کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

یہ افواہ درست نہیں کہ پیرپگارا نے مجھ سے استعفیٰ لیا ہے ۔ بہاولپور صوبے کی بحالی اورجنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کے خاتمے کیلیے جدوجہد جاری رکھوں گا۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے ماڈل ٹائون میں اپنی رہائشگاہ پرایکسپریس کو دیے گئے انٹرویو میں کیا ۔ انھوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ صدرآصف زرداری نے مجھ پراعتماد کرتے ہوئے گورنر کے عہدے کے لیے نامزدکیا، بہاولپور صوبے کی بحالی کے لیے ہرسطح پر مقدمہ لڑا، اﷲ تعالیٰ کی مہربانی سے ایک بڑاعہدہ ملا اور میں کوشش کروں گا کہ بہاولپور اورجنوبی پنجاب کے عوام کا مقدمہ مزید بہتر انداز میں لڑ کر منظورکی گئی قراردادوں پر عملدرآمد کرائوں ۔




انھوں نے کہا کہ پاکستان کی بہتری اور موجودہ ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے جمہوریت اورپاکستان کی سیکیورٹی کے لیے کام کروں گا۔ اگر گورنر رہتے ہوئے ملک اور جمہوریت کے لیے کچھ کرنے کے قابل ہوجاتا ہوں توآئندہ عام انتخابات میں حصہ نہ لینا بہت چھوٹی قربانی ہوگی جوکہ میں دینے کے لیے تیار ہوں ۔انھوں نے کہا کہ میرا تمام سیاستدانوں کے ساتھ عزت، وقاراوراحترام کا رشتہ ہے اور میں پنجاب حکومت کیساتھ مل کر چلوں گا اور بیجا تنقید کے بجائے مفاہمت کی سیاست کوآگے بڑھائوں گا ۔
Load Next Story