طیارہ حادثہ 47 میں سے صرف 9 میتیں شناخت کے بعد ورثاء کے حوالے

ڈی این اے ٹیسٹ كا عمل جلد مكمل كرنے كے لیے سركاری تعطیلات نہیں كی جائیں گی، ڈائریکٹر پمز


ویب ڈیسک December 10, 2016
ڈی این اے ٹیسٹ كا عمل جلد مكمل كرنے كے لیے سركاری تعطیلات نہیں كی جائیں گی، ڈائریکٹر پمز، فوٹو؛ ایکسپریس

طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 47 افراد میں سے اب تك مجموعی طور پر صرف 9 كی شناخت ہوچكی ہے جن كی میتیں ان كے لواحقین كے حوالے كردی گئیں۔



طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام پاكستانیوں كے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے سیمپلنگ كا مرحلہ مكمل ہوچكا ہے جب كہ ایك غیر ملكی چینی باشندہ ہان كیانگ كے بھائی نے میت كے حصول کے لیے پمز انتظامیہ سے رابطہ كرلیا ہے اور ڈی این اے کے لیے نمونے جمع كرادیئے ہیں تاہم دیگر 2 غیر ملكیوں كے لواحقین نے تاحال اسپتال انتظامیہ سے كوئی رابطہ نہیں كیا ہے، ڈی این ٹیسٹ كا عمل جلد مكمل كرنے كے لیے سركاری تعطیلات نہیں كی جائیں گی، اتوار اور پیر كو بھی ڈی این اے ٹیسٹ كا عمل جاری رہے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: طیارہ حادثے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز



نمائندہ ایكسپریس كو تفصیلات بتاتے ہوئے پاكستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیكل سائنسز(پمز) كے ایڈمنسٹریشن ڈاكٹر الطاف نے بتایا كہ اب تك مجموعی طور پر جن 9 میتوں کو شناخت کے بعد ان کے لواحقین کے حوالے کیا گیا ان میں ایئر ہوٹس صدف اور عاصمی عادل، ڈپٹی كمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ، محمد تكبیر خان، حاجی نواز، ماہ رخ احمد، احسن اور آمنہ احمد شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا كہ شناخت نہ ہو سكنے والی باقی 38 میتوں كو روات كے قریب نجی كولڈ اسٹوریج میں ركھا گیا ہے، میتوں كے ڈی این اے ٹیسٹ پمز كے زیر انتظام اسلام آباد كے لیبارٹریوں میں كیا جارہا ہے، كوشش ہے ڈی این اے ٹیسٹ كا عمل جلد مكمل ہو تا كہ میتیں لواحقین كے حوالے كی جا سكیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ائیرہوسٹس صدف فاروق کی نمازجنازہ ادا کردی گئی



ڈاکٹر الطاف کا کہنا تھا کہ ڈی این اے ٹیسٹ كا عمل جلد مكمل كرنے كے لیے سركاری تعطیلات نہیں كی جائیں گی، اتوار اور پیر كو ڈی این اے ٹیسٹ كا عمل جاری رہے گا ، رپورٹس آنے پرلاشیں لواحقین كے حوالے كرنے كا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی این اے ٹیسٹ كے لیے سیمپل صرف ماں باپ بہن بھائی اور بچے دے سكتے ہیں ، ڈی این اے ٹیسٹ كے لیے 6 سے 8 دن دركار ہیں۔



دوسری جانب حادثے کی تحقیقات کے لیے فرانس کی تحقیقاتی ٹیم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد پہنچ جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانس کی تحقیقاتی ٹیم سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر طیارہ حادثے کی تحقیقات کرے گی جب کہ تحقیقات میں مزید 2 سے 3 ہفتے لگ لگ سکتے۔



ذرائع نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا بلیک باکس اور وائس ریکارڈر آئندہ 2 سے 3 روز میں فرانس بھیج دیا جائے گا جہاں اسے ڈی کوڈ کیا جائے گا۔ بلیک باکس اور وائس ریکارڈر ایس آئی بی کے ارکان فرانس لے کر جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں