بشیر احمد بلور کو پشاور میں سپرد خاک کردیا گیا

بشیر بلور کو پشاور کے بیری باغ قبرستان میں اے این پی رہنماؤں اور کارکنوں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔


ویب ڈیسک December 23, 2012
نماز جنازہ کے بعد بشیر بلور کی میت کو بیری باغ قبرستان پہنچایا گیا جہاں اے این پی رہنماؤں اور کارکنوں کی موجودگی میں انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

عوامی نیشنل پارٹی کے شہید رہنما اور سینئیر صوبائی وزیر بشیر احمد خان بلور کو سپرد خاک کردیا گیا۔

بشیر بلور کی میت ان کے بڑے بھائی اور وزیر ریلوے غلام احمد بلور کے گھر سے کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم لائی گئی جہاں پولیس کے دستے نے ان کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔ نماز جنازہ کیلئے اسٹیڈیم میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔ سیکورٹی فورسز اور پولیس کمانڈوز کی بھاری نفری کے علاوہ اسٹیڈیم کے دروازوں پر واک تھرو گیٹ بھی نصب کئے گئے تھے جن سے لوگوں کو جامہ تلاشی کے بعد اسٹیڈیم میں داخل ہونے دیا گیا۔

بشیر بلور کی نماز جنازہ میں اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی، صدر آصف علی زرداری کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، چوہدری شجاعت حسین، مشاہد حسین سید، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی، گورنرمسعود کوثر، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان، سینیٹرز، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت اہم قومی اور سیاسی شخصیات کے علاوہ اے این پی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔

کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم میں نماز جنازہ کے بعد بشیر بلور کی میت کو بیری باغ قبرستان پہنچایا گیا جہاں اے این پی رہنماؤں اور کارکنوں کی موجودگی میں انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔

واضح رہے کہ بشیر احمد بلور کو ہفتے کی شام پشاور کے علاقے ڈھکی نعلبندی میں خود کش حملے میں شہید کردیا گیا تھا۔ اس حملے میں ان کے پرسنل سیکریٹری حاجی نور محمد اور ایس ایچ او تھانہ کابلی عبدالستار خان سمیت دیگر 8 افراد بھی جاں بحق جبکہ 15 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |