ملک بھر میں جشن ولادت النبی ﷺ عقیدت و احترام سے منایا گیا

نبی آخرالزماں ﷺ کی ولادت با سعادت کے موقع پر ملک بھر میں عمارتوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا۔


ویب ڈیسک December 11, 2016
نبی آخرالزماں ﷺ کی ولادت با سعادت کے موقع پر ملک بھر میں عمارتوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا۔

ملک بھر میں جشن ولادت النبی ﷺ آج نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰؐ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں كا آغاز نماز فجر کے بعد بارگاہ رسالتؐ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں۔ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے جلوسوں اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا جن میں حضور نبی کریمؐ سے محبت کا اظہار کیا گیا، عاشقان رسولؐ نے اپنے اپنے انداز میں سرکار دو عالمؐ سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

عیدمیلادالنبی ﷺ کےسلسلے میں پاک فوج کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارلحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس موقع پر فضائیں اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھیں جب کہ پاک فوج کے جوانوں نےعزم کا اظہارکیا کہ ملک کی سلامتی اور دین مصطفیٰ ﷺ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

نبی آخر الزماں ﷺ کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں سے جید علمائے کرام نے خطاب کیا جس میں سیرت النبیؐ بیان کی گئی۔

ملک بھر میں جشن عید میلادالنبیؐ کے سلسلے میں عاشقان رسول ﷺ نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا جب کہ پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر سمیت سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کے خوبصورت ماڈل بھی سڑکوں پر رکھے گئے جو عوام کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

جشن عید میلاالنبیؐ کے سلسلے میں سیکیورٹی پلان بھی ترتیب دیئے گئے تھے جس کے تحت جلوسوں کی مرکزی گزرگاہیں اور اس سے ملحقہ سڑ کیں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند تھیں جب کہ جلوس میں شامل ہونے والوں کو جامع تلاشی کے بعد شرکت کی اجازت دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔