خلق کے سرور شافع محشر ﷺ

آج اُس محسنِ انسانیتؐ  کی آمد کا دن ہے، جس پر خود خالقِ کائنات تمام ملائکہ کے ساتھ ہمہ وقت درود کی برسات کر رہا ہے


آج اُس محسنِ انسانیتؐ  کی آمد کا دن ہے، جس پر خود خالقِ کائنات تمام ملائکہ کے ساتھ ہمہ وقت درود کی برسات کر رہا ہے ۔ فوٹو : فائل

یہ وہ ماہ مقدس ہے جس میں عالم ِ انسانیت کے مُحسنِ اعظم رحمۃ للعالمین اولادِ آدم کی فتح مبین، شفیع المذنیبین، حضور سرورِ کونین ﷺ عالمِ بالا سے عالم ِ امکان میں جلوہ گر ہوئے۔ آپؐ کی آمد سے انسانیت کی کِشتِ ویراں میں بہار آ گئی۔

مقصدِ حیات سے بھٹکے ہوئے انسانوں کو مرکزیت مل گئی۔ اس سماجِ ارضی میں اظہارِ تشکر و امتنان کے حوالے سے ایک مسلمہ اصول کارِ فرما ہے کہ ہم اپنے حلقۂ احباب میں کسی کے احسان مند ہوتے ہیں تو اُس کی عنایت اور مہربانی کا شکر ادا کرتے نہیں تھکتے، بار بار اُس کے احسانات کا تذکرہ اپنے صبح و شام کے معمولات کا حصہ بنا لیتے ہیں۔

یہ تو اہل دنیا کے ایک دوسرے پر احسانات کا معاملہ ہے لیکن جس مُحسنِ کونین ﷺ نے انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے آزاد کرایا، جس نے صنم پرستوں کو خدا پرستی کے عظیم شرف سے بہرہ یاب کیا، جس نے قعرِ مذلت میں غوطہ زن آدمیت کو ساحلِ عروج و رفعت سے آشنا کیا، جس نے مقصدِ تخلیق سے بے بہرہ وحشیوں کو تمدن آفریں اور خّلاقِ آئین ِ جہاں داری بنا دیا، جس نے حُرمتِ انسانی پامال کرنے والوں کو تہذیب و اخلاق کی نئی جہتیں عطا کیں، جس نے زندگی کو بندگی اور بندگی کو درخشندگی کا جمال آگیں تصور عطا کیا، جس نے دستِ جفا کو توڑ کر چنبیلی و نسترن کی مہک سے مالا مال کیا۔ جس نے دبیز اندھیروں کو صبحِ نو کی کرنیں عطا کیں۔

جس نے خود پسندی و خود ستائی، خود نمائی و خود سری کے دریا میں غوطہ زن فراعنۂ وقت کو مجسم عجز و انکسار بنا دیا، جس نے سطوتِ قیصر و کسریٰ سے تخت و تاج و حکومت چھین کر صحرائے عرب کے ریگ زاروں پر شب باشیاں کرنے والے بدّؤں کو نواز دیا، جس نے اہلِ دنیا کو حُسنِ معاشرت، باہمی رواداری و اتحاد و شرفِ انسانی کی پہچان، اعتدال پسندی اور عبادات کا ایسا خوب صورت اور دل پذیر تصور پیش کیا جو سراسَر فوز و فلاح ِ انسانیت کا ضامن ہے تو پھر اُس مُحسنِ کائناتؐ کے لامحدود اور بے کراں احسانات کا بدل کسی انسان کے بس کی بات نہیں ہوسکتی۔

ماہِ ربیع الاول اُس مُحسنِ انس و جاںؐ کی آمد کا مہینہ ہے جس پر خود خالقِ کائنات تمام ملائکہ سے مل کر ہمہ وقت درود کی برسات کر رہا ہے۔ کائنات بھر کے نجبا، اتقیا، زہاد، صلحا، فصاحت و بلاغت کے تاج دار جس کے سامنے ہاتھوں میں قرطاس و قلم لیے اپنے بے تاب جذبات کا نذرانہ معراج لیے ایستادہ، کائنات ِ کی رنگ و بُو کی نکہت افشانیاں جس کی زُلفِ عنبریں پر نثار ہونے کو تیار کھڑی ہیں، شمس و قمر کی ضوفشانیاں جس کے رُخِ انور کی تابش کی خیرات لے کر کوہ و دمن کو روشن کر رہی ہیں، ہلالِ آسمان جس کے ناخنِ مبارک کا عکس نظر آرہا ہے۔

جس کے دُرِ دنداں کے سامنے لعلِ یمن و بدخشاں خجل نظر آ رہے ہیں، جس کی سانسوں کی مہکار سے چمنستانِ کائنات کے گُل ہائے پریشاں، ذوقِ خنداں حاصل کر رہے ہیں، جس کے لعابِ دہن کے استعمال سے تڑپتے ہوئے مریض ِ نیم جان میں حیات کے آثار پیدا ہوتے ہوں، جس کے انداز ِ تبسّم سے ظالموں پر کپکپی طار ی ہو جاتی ہو، جس کے طرزِ تکلم سے دنیائے ماہ انجم و کہکشاں مسکرا اٹھتی ہو، گردشِ تکوینِ روزگار جس کے قیام کا ٹھہر کر نظارہ کرتی ہو، جس کے طرزِ خرام کے سامنے سیارگانِ فلک کروٹیں بدلتے نظر آتے ہوں۔

جس کے دستِ عطا کے سامنے فیاضی حاتم لرزاں و شرمندہ نظر آتی ہو، جس کی نوکِ پا کی ٹھوکر سے سرِسروراں کو تاجِ عظمت مرحمت ہوتا ہو، جس کی سیرتِ اطہر کا مطالعہ ذوقِ عبادت سے سرشار کرتا ہو، برق و باراں کے ہنگامے جس سے دولت ِ سوز و جاوداں حاصل کرتے ہوں اور جس کے وجود ِ اطہر سے تزئین ِ کائنات کا بھرم قائم ہو، وہی لامثال ہستی جہانِ آدمیت کو درسِ اخلاق و بقا دینے اسی ماہ مقدس میں تشریف فرما ہوئی۔

آپؐ کی تشریف آوری سے دنیا بھر کے بت کدوں میں جلال انگیز انقلاب آ گیا۔ قیصر و کسریٰ کے محلات لرزہ براندام نظر آنے لگے، قلب ِ باطل میں ایسا زلزلہ طاری ہوگیا کہ وہ ٹکڑے ٹکڑے ہو کر فضاؤں میں بکھر گیا۔ لات و منات کے پجاریوں کو ایک پیغام ِ فنا سماعتوں سے ٹکراتا ہو ا محسوس ہونے لگا۔ تاجِ دارانِ باطل کو اپنے تخت و تاج ہوا میں بکھرتے ہوئے محسوس ہونے لگے۔ پتھروں کی وہ مورتیاں جو ان کے پرستاروں کے لیے مرکز ِ تحریم و تقدیس بنی ہوئی تھیں منہ کے بل گر کر خدائے واحد کی الوہیت کے زم زمے گانے لگیں۔ مشرق سے مغرب اور شمال سے جنوب تک نکہتِ نُور سے قلب ِ کائنات معطر و جگمگانے لگا۔ بیت اﷲ شریف کی دیواروں سے دعائے خلیل اور نوید مسیحا کی آمد کی بشارت کا غلغلہ بلند ہوا۔ کُراتِ فلکی مسّرت و انبساط سے رقصاں نظر آنے لگے۔

حضور ﷺ تماشا گاہِ زیست کو مقصدِ تخلیق کا حسنِ تخّیل دینے، جبینِ انسانیت کو ناز و نیاز کی روحانی کیفیات سے ذوقِ آشنائی دینے، زمین کی پستیوں کو اوجِ سما، مروّت و مودت کُش دلوں کو دولتِ مہر و وفا، برہنہ سر بیواؤں کو ردا اور تشنہ لبوں کو آبِ بقا عطا کرنے، ماہ انجم کو اپنی تجّلیوں سے فیض یابی بخشنے، شبِ تارِ الست کو نکہت و نُور کے دھاروں سے آشنائی عطا کرنے، اشک باریوں اور سوگواروں کو امواجِ بحرِ رجائیت میں غُسل دینے اور محرومانِ ازل کو ابد تک مالا مال کر دینے کی جاں بخش نوید دینے کے لیے تشریف لائے۔

اس اعتبار سے حضور سرورِ کائناتؐ عالم ِ انسانیت ہی نہیں بل کہ کائناتِ رنگ و بُو کی ہر تخلیق کے مُحسن ِ اعظم ہیں اور اﷲ رب العزت کا یہ فرمانِ ذی شان فی الواقع باعثِ مسرت اور حقائق سے لبریز ہے کہ اُس نے مومنین پر یہ بہت بڑا احسان کیا ہے کہ خود اُنہی میں سے ایک نبی اُمّی عطا فرمایا جو کتاب و حکمت کی تعلیم دیتا ہے اور اُن کا تزکیۂ نفس کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں