پنجاب کے کئی شہر بدستور دھند کی لپیٹ میں ٹریفک کا نظام مفلوج

شہری دھند میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، ترجمان موٹر وے پولیس


ویب ڈیسک December 12, 2016
شہری کانوائے کی صورت میں سفر کریں اور دھند میں فوگ لائٹس آن رکھیں، ہائی وے پولیس۔ فوٹو: فائل

پنجاب میں دھند کا راج بدستور برقرار ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جب کہ حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹر وے کے بیشتر سیکشنز کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے کئی شہر آج بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، شدید دھند کے باعث لاہور، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، قصور، ہارون آباد، سیالکوٹ، اوچ شریف، ملتان، فیصل آباد، شیخوپورہ، خانیوال، کبیروالا، میاں چنوں، جہانیاں، بورےوالا اور گردونواح میں شدید دھند کی وجہ سے حدنگاہ صفر تک پہنچ گئی ہے۔ شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے جب کہ لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کر دیا گیا ہے۔

شدید دھند کے باعث مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات بھی رونما ہوئے ہیں، ہارون آباد میں بہاولنگر روڈ پر کھاٹاں کے قریب مسافر بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم سے ایک شخص جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے جب کہ ساہیوال میں بھی کار اور ڈالے میں تصادم سے 4 افراد زخمی ہوئے۔ مرید کے میں بھی دھند کے باعث شیخوپورہ روڈ پر ٹریفک حادثے میں 10 افراد زخمی ہو گئے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث موٹر وے کے سیکشن ایم ون، ایم ٹو اور ایم تھری کو ہر قسم کی ٹریف کے لئے بند کر دیا گیا ہے تاہم دھند چھٹتے ہی موٹر وے کو ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ دوسری جانب ہائی وے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث ٹریفک کو موٹر وے کی جانب موڑ دیا گیا ہے، دھند کے باعث مسافر قافلے کی صورت سفر کریں اور فوگ لائٹس ضرور آن کریں۔



 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں