خدمت خلق مسلمانوں کا اولین فریضہ ہے صدر ممنون حسین

مسلمان ہر اس عمل سے بچیں جس سے کسی کی جان، مال ، عزت اور آبرو کو نقصان بہنچے، صدر ممنون حسین


ویب ڈیسک December 12, 2016
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ وطن عزیز کو حقیقی ترقی و خوشحالی کا گہوار ہ بنا دے جو ہمارا نصب العین ہے، صدر ممنون حسین فوٹو:فائل

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مسلمانوں کا یہ اولین فریضہ ہے کہ سیرت طیبہ پر عمل کرتے ہوئے بھلائی اور خدمت خلق کے کاموں میں سبقت حاصل کریں اور ہر ایسے طرز عمل سے بچیں جس سے کسی کی جان، مال ، عزت اور آبرو کو ذرہ برابر نقصان بہنچنے کا اندیشہ ہو۔

عید میلاد البنی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ممنون حسین نے کہاکہ حضور نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کے موقع پر میں پوری ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ مبارک دن اس دنیا کے لئے دکھوں سے نجات اور امن و آشتی کا پیغام لایا، اب یہ فرزندان اسلام کا فریضہ ہے کہ وہ آپ ﷺ کی آفاقی تعلیمات کی روشنی میں اس کرہ ارض کو جنت نظیر بنادیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ خطبہ حجۃ الوداع کی روشنی میں رنگ و نسل اور علاقائی و لسانی تعصبات سے نجات حاصل کرکے اپنی زندگی اور اللہ کی مخلوق کی زندگی میں خوشیاں بھردیں تاکہ وطن عزیز ، عالم اسلام اور پوری دنیا میں میانہ روی ، اعتدال اور عدل کی عظیم روایات کا بول بالا اور شدت پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو سکے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: قریہ قریہ جشن میلاد النبی ﷺ

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں دنیا کو آج تعلیمات نبوی ﷺ سے روشناس کرانے کی پہلے سے کہیں بڑھ کر ضرورت ہے۔ حضور اکرم اللہ علیہ و سلم کے امتی ہونے کے ناطے ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اسوہ حسنہ ﷺ پر عمل پیرا ہوکر ناصرف اپنی بلکہ آخرت بھی سنوار لیں۔ اس سلسلے میں مسلمانوں کا یہ اولیں فریضہ ہے کہ سیرت طیبہ پر عمل کرتے ہوئے بھلائی اور خدمت خلق کے کاموں میں سبقت حاصل کریں اور ہر ایسے طرز عمل سے بچیں جس سے کسی کی جان، مال ، عزت اور آبرو کو ذرہ برابر نقصان بہنچنے کا اندیشہ ہو کیونکہ سیر ت طیبہ ﷺ یہی ہے ۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ وطن عزیز کو حقیقی ترقی و خوشحالی کا گہوار ہ بنا دے جو ہمارا نصب العین ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں