عامر نظام کے قتل کا نوٹس اور قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے

دہشت گرد سازش کے تحت شہر کو آ گ و خون میں نہلانے کے درپے ہیں،رابطہ کمیٹی


Express Desk December 24, 2012
رابطہ کمیٹی نے کہا کہ دہشت گرد سوچی سمجھی سازش کے تحت شہر کو آ گ و خون میں نہلانے کے درپے ہیں۔ فوٹو: فائل

متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم لیاری سیکٹر یونٹ 32کے کارکن محمد عامر نظام کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور واقعے کو شہر کا امن تباہ کرنے کی گھنائونی سازش قرار دیا ہے۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ دہشت گرد سوچی سمجھی سازش کے تحت شہر کو آ گ و خون میں نہلانے کے درپے ہیں اور کئی روز سے جاری دہشت گردی کے واقعات ان ہی سازشوں کا تسلسل ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، رابطہ کمیٹی نے شہید کے تما م سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے شہید کی مغفرت اور سوگواران کیلیے صبر جمیل کی دعا بھی کی ہے۔

رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ عامر نظام کے قتل کا نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث لیاری گینگ کے دہشت گردوں کو گرفتار کرکے انھیں قانون کے مطابق سزاد ی جائے، علاوہ ازیں ایم کیوایم لیاری سیکٹر یونٹ 32کے کارکن محمد عامر نظام شہید کو ہزاروں آہوں اور سسیکوں کے درمیان یٰسین آباد کے شہدا قبر ستان میں سپر دخاک کردیا ۔

شہید کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر عظیم پلازہ چوک بادشاہی روڈ پر ادا کی گئی ، نماز جنازہ و تدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن کیف الوریٰ ،کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج و اراکین ، علاقائی سیکٹر و یونٹ کمیٹیوں کے ذمے داران وکارکنان کے علاوہ شہید کے عزیز و اقارب نے شرکت کی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔