پاکستان سے مقابلے بھارت کا سہواگ اور یوراج پر اعتماد ظہیر بدستور باہر

،رویندرا جڈیجا، بھانیشور کمار، ایشانت شرما، شامی احمد اور امیت مشرا کی قسمت جاگ اٹھی


Sports Desk/Sports Desk December 24, 2012
پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے لئے بھارتی اسکواڈ میں مجموعی طور پر 6 تبدیلیاں کی گئی ہیں، فوٹو : اے ایف پی /فائل

پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز کے لیے بھارت نے سہواگ اور یوراج پر اعتماد کیا ، تجربہ کار فاسٹ بولر ظہیرخان بدستور ٹیم سے باہر ہیں۔

ان کے انتخاب پر غور ہی نہیں کیاگیا ، ٹیم مجموعی طور پر 6 تبدیلیاں کی گئی ہیں، یوراج سنگھ کی واپسی ہوگئی ، ٹوئنٹی 20 میں سہواگ کو بدستور باہر رکھا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے پاکستان کے خلاف تین میچز کیلیے رواں برس جولائی اگست میں سری لنکا کا دورہ کرنے والے ون ڈے اسکواڈ میں 6 تبدیلیاں کی ہیں۔ سلیکشن کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز بھارتی کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹر میں ہوا، اس سے قبل سلیکٹرز نے کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور کوچ ڈنکن فلیچر سے بھی مشاورت کی۔

مختلف انجریز سے دوچار آل رائونڈر عرفان پٹھان، فاسٹ بولر امیش یادیو اور مڈل آرڈر بیٹسمین منوج تیواری باہر ہوگئے ہیں، سندیپ پاٹل کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے ظہیر خان کے نام پر غور ہی نہیں کیا جبکہ اسپن جوڑی پراگیان اوجھا اور راہول شرما کو بھی یکسر نظر انداز کردیاگیا، ان چھ کھلاڑیوں کی جگہ یوراج سنگھ، رویندرا جڈیجا، بھانیشور کمار، ایشانت شرما، شامی احمد اور امیت مشرا لیں گے۔ یوراج سنگھ کی ون ڈے میں واپسی ہوگئی، جڈیجا اور ایشانت کی شمولیت بھی متوقع تھی جبکہ اترپردیش کے آل رائونڈر بھانیشور اور بنگال کے سیمر شامی احمد کوڈومیسٹک سرکٹ اوربھارت اے کے ٹورز میں اچھی پرفارمنس کا صلہ دیا گیا ہے۔

03

سہواگ کے ورلڈ کپ 2015 کھیلنے کے حوالے سے کافی شکوک پائے جاتے ہیں، انھیں اس سے قبل مارچ میں کھیلے گئے ایشیا کپ سے بھی ڈراپ کردیا گیا تھا، انھوں نے گذشتہ برس دسمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ ریکارڈ 219 رنز بنانے کے بعد سے9 ایک روزہ میچز میں صرف 23.66 کی اوسط سے رنز اسکور کیے اور ایک مرتبہ ففٹی اسکورکی ہے تاہم سلیکٹرز نے ٹوئنٹی 20 سے ان کو سائیڈ لائن کرتے ہوئے ون ڈے میں موقع دے دیا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف گذشتہ دنوں کھیلے جانے والے دو ٹوئنٹی 20 میچز کے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، پاکستان سے پہلا ٹی 20 میچ منگل کے روز بنگلور میں کھیلا جائے گا۔ ٹوئنٹی 20 اسکواڈ میں کپتان دھونی، گوتم گمبھیر، اجنکیا راہنے، یوراج سنگھ، روہت شرما، سریش رائنا، ویرت کوہلی، رویندرا جڈیجا، روی چندرن ایشون، اشوک ڈینڈا، ایشانت شرما، بھانیشور کمار، پرویندر اوانا، پیوش چائولہ اور امباتی رائیڈو شامل ہیں جبکہ ون ڈے اسکواڈ کپتان دھونی، سہواگ، گمبھیر، کوہلی، یوراج، روہت شرما، رائنا، جڈیجا، ایشون، ایشانت، راہنے، ڈینڈا، بھانیشور، شامی احمد اور امیت مشرا پر مشتمل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں