10 ہزار ٹیسٹ رنز سنگاکارا سنگ میل عبور کرنے کے قریب

کمارا سنگا کارا اب تک 114 ٹیسٹ کی 194 اننگز میں 9960 رنز اپنے نام جوڑ چکے ہیں۔


Sports Desk December 24, 2012
میلبورن میں مزید 40رنز سنگاکارا کو ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کردیں گے۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا 26 جنوری سے آسٹریلیا کیخلاف شیڈول باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرسکتے ہیں۔

تجربہ کار لیفٹ ہینڈ بیٹسمین اب تک 114 ٹیسٹ کی 194 اننگز میں 9960 رنز اپنے نام جوڑ چکے ہیں، کینگروز کیخلاف میلبورن میں مزید 40رنز انھیں 10 ہزار ٹیسٹ رنز کلب کا 11واں رکن بنانے کیلیے کافی ہوں گے، سچن ٹنڈولکر کو 15645رنز کیساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ حاصل ہے، ان کے علاوہ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ، راہول ڈریوڈ، جیک کیلس، برائن لارا، ایلن بورڈر، اسٹیو وا، چندرپال، مہیلا جے وردنے اور سنیل گاوسکر بھی یہ ہندسہ عبور کرچکے ہیں۔

04

سری لنکن پلیئر نے اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں 10 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کو منفرد مقام مل جاتا ہے اور انھیں دیگر کے مقابلے میں زیادہ یاد رکھا جاتا ہے، میرے لیے اس سنگ میل تک پہنچ جانا خوش کن ہے اور مجھے امید ہے کہ میلبورن ٹیسٹ میں ، میں اس اعزاز کو حاصل کرلوں گا، سنگاکارا سے قبل ان کے ہموطن اور موجودہ کپتان مہیلا جے وردنے بھی اس منفرد کلب میں شامل ہوچکے ہیں، تاہم سنگاکارا کی اوسط 55.66 ہے جبکہ مہیلا نے 10,671رنز 49.86 کی اوسط سے بنائے ہیں۔

رواں برس ستمبر میں آئی سی سی کی جانب سے سال کے بہترین کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے والے سنگاکارا اب تک 30 سنچریاں بھی جڑچکے ہیں جبکہ 40 مرتبہ انھوں نے 50 کا ہندسہ بھی پارکیا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ میلبورن اور سڈنی ہمیں ہمیشہ سے اپنے ہوم گرائونڈ کی طرح محسوس ہوئے ہیں، یہاں کے کرائوڈ کا ماحول مہمان ٹیموں کیلیے بڑا دوستانہ ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں