پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار

پنجاب کے مختلف علاقے مزید چند روز دھند کی لپیٹ میں رہیں گے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک December 13, 2016
شہری دھند میں سفر کے دوران فوگ لائٹس آن رکھیں، ترجمان موٹر وے پولیس۔ فوٹو: فائل

پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدیددھند کاراج اب بھی برقرار ہے جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کےمختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث کئی مقامات پر حد نگاہ صفر ہوگئی جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے، حد نگاہ صفر ہونے کی وجہ سے موٹروے کے بابو صابو، ٹھوکر نیازبیگ، نڈی بھٹیاں، کوٹ سرور اور خانقاہ ڈوگراں انٹر چینج بند کردیے گئے جس کے باعث لاہور، اسلام آباد اور فیصل آباد جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

موٹر وے پولیس کی جانب سے گاڑیوں کو جی ٹی روڈ کی جانب موڑنے پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے، شدید دھند، تاریکی اور راستے سنسان ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں مسافروں نے کارواں کی شکل میں اپنا سفر جاری رکھا جب کہ کچھ نے دھند چھٹنے کا انتظار کیا اور دھند میں کمی کے بعد موٹر وے کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔

دھند کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں 5 افراد زخمی ہوگئے، پنڈی بھٹیاں روڈ پر موٹر سائیکل کی کار سے ٹکر کے نتیجے میں دو افراد جب کہ سکھیکی میں شدید دھند کی وجہ سے ٹریکٹر ٹرالی، رکشہ سے ٹکرا گئی جس سے تین افراد زخمی ہوگئے۔ اس کے علاوہ اندرون ملک اور بیرون ملک پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے، کئی پروازوں کو منسوخ جب کہ بڑی تعداد میں پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھند کا یہ سلسلہ مزید چند روز جاری رہ سکتا ہے، موسم سرما کی بارش ہونے کے ساتھ ہی دھند کا سلسلہ بھی ختم ہوجائے گا۔



 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں