کراچی میں فوج رینجرز اور پولیس کی کوششوں سے امن بحال ہوا وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکیورٹی صورتحال اور کراچی آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکیورٹی صورتحال اور کراچی آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔ فوٹو؛ پی پی آئی

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہےکہ کراچی میں پاک فوج، رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کوششوں سے امن بحال ہوا جب کہ شہر میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری رہے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہونے والے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی سربراہی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی، اجلاس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز سندھ لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر، صوبائی وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق اجلاس میں کراچی آپریشن اور شہر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جب کہ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی رینجرز نے بتایا کہ رینجرز نے 1474 دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز، 438 بھتہ خوروں اور 115 اغواکاروں سمیت القاعدہ، کالعدم تحریک طالبان اور دیگر کالعدم تنظیموں کے اہم ارکان کو بھی گرفتار کیا جب کہ ٹارگٹ کلرز نے کئی افراد کے قتل کا اعتراف بھی کیا ہے۔


ترجمان کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج، رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کوششوں سے کراچی کا امن بحال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر آخری دہشت گرد کے خاتمے تک عملدرآمد جاری رہے گا، صوبائی حکومت نے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے بھی سخت اقدامات اٹھائے ہیں جب کہ دینی مدارس بل بھی کابینہ کے بعد سب کمیٹی کو بھجوادیا گیا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کا کہنا تھا اجلاس میں کورکمانڈر کراچی نے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور سابق گورنر عشرت العباد کے ایپکس کمیٹی میں کردار کو سراہا جب کہ ساتھ ہی انہوں نے میرٹ پر پولیس میں ہونے والی بھرتیوں کو بھی سراہا۔

کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز نے عہدوں پر ترقی پانے کے باعث آخری مرتبہ اجلاس میں شرکت کی جب کہ وزیراعلیٰ سندھ نے دونوں شخصیات کو تحائف میں اجرک اور سندھی ٹوپی سمیت سندھی میوزک البم بھی پیش کیے جب کہ کورکمانڈر اور ڈی جی رینجرز کی جانب سے بھی وزیراعلیٰ کو تحائف دیئے گئے۔

https://www.dailymotion.com/video/x556lpo_apex-session_news
Load Next Story