میسی سے ملاقات کے خواہشمند 6 سالہ افغان بچے کی خواہش بالاخر پوری ہوگئی

6 سالہ مرتضیٰ احمدی نے دوحا کے ایک ہوٹل میں میسی سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

6 سالہ مرتضیٰ احمدی نے دوحا کے ایک ہوٹل میں میسی سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ فوٹو: فائل

فٹبال کے عظیم کھلاڑی لیونیل میسی سے ملاقات کی خواہش رکھنے والے 6 سالہ افغان بچے کی بالاخر بڑی خواہش پوری ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو سے دنیا بھر میں مشہور ہونے والے 6 سالہ مرتضیٰ احمدی نے قطر کے دارالحکومت دوحا میں لیونیل میسی سے ملاقات کی خواہش پوری کرلی۔ میسی کی ٹیم بارسلونا دوحا کے مقامی کلب ال اہلی سے دوستانہ میچ کھیلنے کے لئے قطر میں موجود ہے جہاں ہوٹل کے کوری ڈور میں میسی دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ قطار میں آگے بڑھ رہے تھے تو قریب کھڑے مرتضیٰ نے ان کی جانب اپنا ہاتھ بڑھایا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ابتدا میں میسی کو معلوم نہ ہوا کہ یہ بچہ کون ہے لیکن تھوڑی دیر بعد میسی نے مرتضیٰ احمدی کو گود میں اٹھا لیا اور اس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔


قطری فٹبال ورلڈ کپ 2022 کی سپریم کمیٹی نے اپنے آفیشل ٹوئٹ میں کہا کہ 6 سالہ بچے کا میسی سے ملاقات کا خواب بالاخر پورا ہوگیا اور یہ وہ تصویر ہے جسے دنیا دیکھنا چاہتی تھی۔



واضح رہے کہ 6 سالہ افغان بچے مرتضیٰ احمدی کی ویڈیو رواں سال سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں اسے پلاسٹک کی تھیلی سے بنی شرٹ پہن کر فٹبال کھیلتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا جس پر بال پوائنٹ سے میسی لکھا تھا۔

https://www.dailymotion.com/video/x556lpq_messi-shirt-child_news
Load Next Story