بلدیہ فیکٹری کیس عبدالرحمان عرف بھولا جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے

مجھ پر لگائے گئےالزامات بے بنیاد ہیں، فیکٹری میں آگ میں نے نہیں اصغر بیگ نے لگائی تھی، عبدالرحمان بھولا


ویب ڈیسک December 14, 2016
مجھ پر لگائے گئےالزامات بے بنیاد ہیں، فیکٹری میں آگ میں نے نہیں اصغر بیگ نے لگائی تھی، عبدالرحمان بھولا، فوٹو؛ ایکسپریس/ محمد عظیم

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کیس کے ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کو 19 دسمبرتک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

کراچی میں بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کیس کے ملزم عبدالرحمان بھولا کو سخت سیکیورٹی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت کے روبرو تفتیشی افسر نے موقف اختیارکیا کہ ملزم سانحہ بلدیہ کیس میں مطلوب ہے، تفتیش کے لئے پولیس کے حوالے کیا جائے۔

فاضل جج نے سانحہ بلدیہ کیس کے تفتیشی افسرانسپکٹرراجا جہانگیرپرعدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے استفسارکیا کہ عدالت نے ایس ایس پی سطح کا تفتیشی افسر تعینات کرنے کا حکم دیا تھا لیکن اس ہائی پروفائل کیس میں نا اہل ترین تفتیشی افسر تعینات کیا گیا ہے، جس پر اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے کہا کہ کیس کی تفتیش کے لیے سینئر افسر کی تعیناتی کے لیے متعلقہ ڈی آئی جی کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ''بھولا'' بنکاک سے کراچی پہنچادیا گیا

بعد ازں عدالت نے عبدالرحمان عرف بھولا کو 19دسمبرتک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخ کے لیے ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے رحمان بھولا نے کہا کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، فیکٹری میں آگ میں نے نہیں اصغر بیگ نے لگائی تھی۔

واضح رہے کہ عبدالرحمان بھولا کو تھائی لینڈ سے انٹر پول کی مدد سے گرفتار کرکے گزشتہ روز کراچی لایاگیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔