کیچڑ اچھالنے والے قوموں کی تعمیرنہیں کرسکتے وزیراعظم

پاکستان کےعوام فیصلہ کریں گے کہ کون خدمت کےراستے پر چل رہاہے،وزیراعظم

پاکستان کےعوام فیصلہ کریں گے کہ کون خدمت کےراستے پر چل رہاہے،وزیراعظم، فوٹو؛ پی آئی ڈی

لاہور:
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اقتدار تک پہنچنے کیلیے عوامی خدمت ہی واحد راستہ ہے اور اس کا فیصلہ 2018 میں ہوگا جب کہ کیچڑاچھالنے والے قوموں کی تعمیرنہیں کرسکتے۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت بلوچستان میں سوراب ہوشاب شاہراہ کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری گیم چینجر ہے جس سے بلوچستان میں انقلابی ترقی کاراستہ کھلنے والاہے اور امید کے کئی چراغ روشن ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کا افتتاح بلوچستان کے عوام پر کوئی احسان نہیں بلکہ ان کاحق اداکر رہے ہیں، ماضی میں اس صوبے کو ترقی سے دور رکھا گیا تاہم اب ماضی میں نہیں جانا چاہتا کیونکہ ہم سے پہلے کی حکومتوں نے ملک میں ترقی کا نادر موقع گنوادیا لہذا زیادہ تر منصوبے صرف ہمارے دور حکومت میں ہی مکمل ہوئے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیا بلوچستان بن رہا ہے تو سمجھ لیں کہ نیا پاکستان بن رہا ہے، بلوچستان میں ترقی کاخواب حقیقت بن رہا ہے اور اس طرح کی ترقی آج سے پہلے بلوچستان میں نہیں ہوئی اور نہ ہی مثال ملتی ہے جب کہ پاکستان کے دوست اقتصادی راہداری منصوبے سے خوش ہیں لیکن دشمن اس منصوبے کو نقصان پہچانے میں لگاہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کرتا ہوا ملک نیا پاکستان ہے اور ملک کے کونے کونے میں تعمیر کا عمل جاری ہے، صرف عوامی خدمت ہی اقتدار تک پہنچنے کا واحد راستہ ہے اور ہم نے حکومت اور اقتدار تک پہنچنے کے لیے عوامی خدمت کے راستے کا انتخاب کیا لہذا اب فیصلہ کرنا عوام کا کام ہے کہ کس نے خدمت کے راستے کا انتخاب کیا ہے اور اب فیصلہ 2018 میں ہی ہوگا۔

نوز شریف نے کہا کہ ملکی معیشیت اپنے پاؤں پر کھڑی ہورہی ہے اور دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ رہی ہے لہذا آج کا پاکستان 2013 سے مختلف ہے اور آنے والے دنوں میں مزید تبدیلیاں آئیں گی، سڑکوں کے فوائد کا سطحی سوچ والے لوگ اندازہ نہیں لگا سکتے، پاکستانی شائستہ قوم ہے یہاں بڑوں کا احترام اور چھوٹوں سے شفقت کی جاتی ہے، ہماری ایک تہذیب اور روایات ہیں لہذا پاکستان کو نہ صرف مادی طور پر بلکہ اخلاقی طور پر بھی ترقی یافتہ بنانا ہے لیکن کیچڑاچھالنے والے قوموں کی تعمیرنہیں کرسکتے۔


https://www.dailymotion.com/video/x559uh9_pm-nawaz-sharif_news

اس خبر کو بھی پڑھیں : وزیراعظم نے 448 کلومیٹرطویل سوراب ہوشاب شاہراہ کا افتتاح کردیا

واضح رہے کہ سوراب ہوشاب شاہراہ 448 کلومیٹرطویل ہے، منصوبے پر22 ارب روپے لاگت آئی، اس کی تعمیر2014 میں شروع کی گئی تھی۔ اس شاہراہ کی تعمیرسے افغانستان سمیت وسط ایشائی ریاستوں کوگوادرتک رسائی آسان ہوجائےگی۔ شاہراہ کا باضابطہ افتتاح وزیراعظم نواز شریف نے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض اور دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام بھی موجود تھے۔

https://www.dailymotion.com/video/x559wx3_pm-inaugurate-roads-in-balochistan_news
Load Next Story