برسبین میں یاسرشاہ اوروہاب ریاض کی پریکٹس سیشن کے دوران لڑائی کے بعد صلح

فٹبال کھیلتے ہوئے یاسرشاہ اوروہاب ریاض کے درمیان معمولی بات پرتلخ کلامی ہوئی


ویب ڈیسک December 14, 2016
دونوں کھلاڑیوں کی جھڑپ کے بعد ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے بیچ بچاؤ کرایا: فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا میں پریکٹس سیشن کے دوران یاسر شاہ اور وہاب ریاض وولن گابا میں الجھ پڑے تھے اوراب جھڑپ کے بعد دونوں کے درمیان صلح بھی ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق آسٹریلیا کے شہربرسبین کے وولن گابا اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کا پریکٹس سیشن جاری تھا کہ فٹبال کھیلتے ہوئے یاسرشاہ اوروہاب ریاض کے درمیان معمولی بات پرتلخ کلامی ہوگئی ، اس سے پہلے کہ معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچتا وہاں موجود دیگر کھلاڑیوں اورٹیم انتظامیہ نے بیچ بچاؤ کرایا، ٹیم مینجمنٹ نے دونوں کھلاڑیوں کو گراؤنڈ سے باہر بھجوادیا۔

برسبین میں موجود ٹیم انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معمولی واقعہ تھا اور کھلاڑیوں کے درمیان ایسا ہو جاتا ہے ، اس کا ٹیم کی کارکدگی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

دوسری جانب وہاب ریاض کی اہلیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرایک وڈیو شئیرکی جہاں دونوں کھلاڑیوں کو ایک ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ وڈیومیں وہاب ریاض اوریاسرشاہ کا کہنا تھا کہ کھیل میں نوک جھونک ہوتی رہتی ہے اس لیے اسے لڑائی کا رنگ نہ دیا جائے، ہم ایک دوسرے کے خلاف نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم صرف کرکٹرزہی نہیں بلکہ بھائی اوردوست بھی ہیں اوررہیں گے بھی جب کہ پاکستان کے لیے ہمیشہ کھیلتے رہیں گے۔



واضح رہے کہ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان سیریزکا پہلا ٹیسٹ میچ کل سے شروع ہوگا جو دونوں ٹیموں کے درمیان تاریخ کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں