بلاول کرپشن کی چُوری کھا کر جوان ہوا خواجہ سعد رفیق 

پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف میں بڑی اپوزیشن کی ریس لگی ہوئی ہے، وزیر ریلوے

پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف میں بڑی اپوزیشن کی ریس لگی ہوئی ہے، وزیر ریلوے، فوٹو؛ فائل

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی تاریخ سنہری ہے اور بلاول کرپشن کی چُوری کھا کرجوان ہوا اس لیے وہ کرپشن کی بات کرنے سے پہلے آئینہ دیکھیں۔

پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے حسب روایت بدتمیزی کا مظاہرہ کیا، اپوزیشن لیڈر تحریک پیش کرنا چاہتے تھے جس پر اسپیکر نے انہیں روک دیا اور حکومتی ارکان کو بات کرنے کی اجازت دی لیکن پی ٹی آئی ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا جب کہ ان کا یہ رویہ جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اسمبلی میں جو تقریر کی اور جو عدالت میں بیان دیا اس میں کوئی تضاد نہیں، وزیراعظم صادق اور امین شخص ہیں وہ جھوٹ نہیں بولتے جب کہ عمران خان ڈھٹائی اور بہادری سے جھوٹ بولتے ہیں، ان کے ارد گرد کرپٹ افراد کھڑے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ اسپیکر نے وزیراعظم کے خلاف تحریک استحقاق پیش کرنے سے روک دیا

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاسی بیان تو عمران خان دیتے ہیں، ہمارا سیاسی بیان سچ پر مبنی ہوتا ہے کیوں کہ ہماری سیاست سچ کی سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان گرگٹ کی طرح رنگ بدلتے ہیں، تحریک انصاف پارلیمنٹ کو گالیاں دیتی ہے جب کہ ہم نے تحریک انصاف کے استعفے قبول کرنے کے بجائے سینے سے لگائے، تحریک انصاف اب جمہوریت کو آلودہ نہ کرے، یہ لوگ منی لانڈرنگ کا ایک بھی ثبوت عدالت میں پیش نہیں کرپائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم کی مرہون منت ہے کیونکہ اگر ہم چاہتے تو مولانا فضل الرحمان کے ساتھ 2 گھنٹے میں خیبرپختونخوا میں حکومت بناسکتے تھے، تحریک انصاف نے کے پی کے میں کوئی کام نہیں کیا اور عمران خان نے اپنے مینڈیٹ کا بیڑہ غرق کردیا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں؛ اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں

وزیر ریلوے نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ پاناما پیپرز پر جوڈیشل کمیشن بننے جارہا ہے تو یہ اب سپریم کورٹ کے فیصلے سے بھی خوش نہیں جب کہ ان کا تحریک استحقاق پیش کرنا سپریم کورٹ پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے، ان کا خیال تھا کہ عدالتیں ان کی مرضی کے مطابق فیصلہ دیتی ہیں لیکن عدالتیں ثبوت پر فیصلے دیتی ہیں، ہمیں سپریم کورٹ کے فیصلوں کا انتظار کرنا ہوگا تاہم حکومت کو پاناما معاملے پر پارلیمنٹ میں بات کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی میں بڑی اپوزیشن کی ریس لگی ہوئی ہے، سپریم کورٹ کے ججز پر الزامات لگائے جارہے ہیں، پیپلزپارٹی کی تاریخ سنہری نہیں اور بلاول کرپشن کی چُوری کھا کرجوان ہوا وہ کرپشن کی بات کرتا ہے، بلاول کرپشن کی بات کرنے سے پہلے آئینہ دیکھیں۔

اس سے قبل قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا کام صرف جھگڑا کرنا ہے اور ان کا یہی رویہ رہا تو انہیں بھی کوئی بات نہیں کرنے دے گا، یہ پارلیمنٹ میں صرف ہنگامہ کرنے اور اپنی تنخواہیں لینے آئے ہیں جب کہ اپوزیشن کو جمہوریت کا الف ب بھی نہیں معلوم ہے، یہ جمہوریت کے دشمن ہیں جو جمہوریت کے خلاف سازش کررہے ہیں۔

 
Load Next Story