2013 میں 2 سورج اور3چاند گرہن ہوں گے

پہلا چاند گرہن 25 اپریل، دوسرا 25 مئی، تیسرا 19 اکتوبر اور سورج گرہن 10مئی اور 3 نومبر کو ہو گا

پاکستانی سیاست پراثرات مرتب ہونگے،تمام مسلمان نما زکسوف وخسوف ادا کریں،ماہر نجوم. فوٹو: رائٹرز/فائل

ملک کے معروف ماہر علم نجوم پیر خواجہ ناظر علی چنیوٹی نے کہا ہے کہ سال 2013 میں 5 سورج اور چاند گرہن ہوں گے۔

ان میں 2 سورج گرہن اور 3 چاند گرہن ہونگے، یہ گرہن پاکستان کی سیاست پر بہت اثرانداز ہونگے، تمام مسلمان سورج گرہن اور چاند گرہن کے وقت 2 رکعت نماز نفل کسوف وخسوف ادا کریں اور اللہ تعالی سے گڑگڑا کر دعائیں مانگیں۔ گذشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہو ئے پیر خواجہ ناظر علی چنیوٹی نے بتایاکہ سا ل 2013 کا پہلا چاند گرہن 25 اپریل کی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 11بجکر 4 منٹ پر شروع ہو گا اور 26 اپریل کی صبح 3 بجکر 13 منٹ پر ختم ہو گا۔ یہ گرہن پاکستان، بھارت، بنگلا دیش سمیت دیگر ایشیائی ملکوں کے علاوہ چند مغربی ملکوں میں بھی دیکھا جا سکا۔




پہلا سورج گرہن 10 مئی کو نصف شب کے بعد ہو گا جو پاکستان میں بالکل نظر نہیں آئے گا۔ تاہم بر اعظم آسٹریلیا،امریکا اور برازیل کے علاوہ جنوبی امریکا میں نظر آئے گا۔2013 کا دوسرا چاند گرہن 25 مئی کو ہو گا۔ یہ گرہن پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔ تیسرا چاند گرہن 19 اکتوبر کی نصف شب کے بعد 2 بجکر 52 منٹ پر شروع ہو گا۔ 4 گھنٹے طویل اس گرہن کا اختتام صبح 6 بجکر 50 منٹ پر ہو گا۔

یہ چاند گرہن پاکستان، بھارت، ایران سمیت دیگر ایشیائی ملکوں میں نظر آئے گا۔ پانچواں اور آخری سورج گرہن 3 نومبر کی دوپہر 3 بجکر5 منٹ پر شروع ہو کر رات 8 بجکر 29 منٹ پر ختم ہو جائے گا۔ یہ سورج گرہن بحیرۂ عرب، عرب ملکوں کے علاوہ یورپی ملکوں میں بھی واضح نظر آئے گا مگر پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔
Load Next Story