دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ میرے ایمان کا حصہ ہے وزیر اعظم

فتنہ فساد کرنے والوں کو ختم کرنا ثواب کا کام ہے ، وزیر اعظم نواز شریف


ویب ڈیسک December 15, 2016
فتنہ فساد کرنے والوں کو ختم کرنا ثواب کا کام ہے ، وزیر اعظم نواز شریف، فوٹو؛ پی آئی ڈی

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ میرے ایمان کا حصہ ہے کیونکہ فتنہ فساد کرنے والوں کو ختم کرنا ثواب کا کام ہے ۔

اسلام آباد میں 40ویں ایکسپورٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جو حادثے ہوئے وہ چھوٹے نہیں تھے، ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہوا، ماضی کی غلطیوں کو آج تک ٹھیک کرنے میں لگے ہوئے ہیں، حکومت میں آئے تو ہمیں بڑے چیلنجز کا سامنا تھا، ہم پریشان تھے کہ ان بگڑے ہوئے معاملات کو کس طرح درست کریں لیکن ہم گبھرائے نہیں کیونکہ اگر ہم گھبرا گئے تو یہ ملک و قوم کہاں جائیں گے، جب تک سانس میں سانس ہے ملک وقوم کی خدمت کرتےرہیں گے، ڈٹ کر کٹھن حالات کامقابلہ کرتےرہیں گے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ 2013 کے انتخابات کے بعد ہم نے وقت ضائع نہیں کیا، آہستہ آہستہ ان چیلینجز کا سامنا کیا، لوڈشیڈنگ کامسئلہ پرویز مشرف کے دور سے چلا آرہا ہے، اگر پرویز مشرف نے کچھ نہیں کیا تو بعد میں پیپلز پارٹی کی حکومت کچھ کرلیتی، عوام اب انہیں ووٹ دینے کے لیے تیار نہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ 18 گھنٹے تک پہنچ گئی تھی، ماضی میں وزیر اور وزیر اعظم کہتے تھے کہ ایک ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے، ان کی اپنی جماعت کے رہنما بھی انہیں کہتے رہے کہ انتخابی مہم میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی تاریخ بتادیں لیکن میں نے پارٹی سے کہا کہ میں جھوٹ نہیں بولنا چاہتا۔ ہم نے صرف اپنی حکومت کے لئے نہیں پاکستان کےمستقبل کے لئے بھی پالیسی بنائی، ہمیں معلوم ہے آج ہم ہیں تو کل کسی اور کو آنا ہے۔ پہلے ہرروز اخبار میں کرپشن اسکینڈل سامنے آتا تھا، جب سےہماری حکومت آئی ہےکوئی اسکینڈل سامنےنہیں آیا۔

دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی بہت بڑا مسئلہ تھا، لوڈشیڈنگ کے ساتھ دہشت گردی کی لعنت بھی ملک پر مسلط کی گئی، ہم نے پہلے مرحلے میں مذاکرات کی کوشش کی، مذاکرات ناکام ہوئے تو آپریشن کا فیصلہ کیا۔ دہشت گردی کا خاتمہ ان کے ایمان کا حصہ ہے کیونکہ فتنہ فساد کرنے والوں کو ختم کرنا ثواب کا کام ہے۔ کچھ وارداتیں دہشت گرد کررہے ہیں بہت جلد وہ بھی ختم ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا چیلنج چھوٹا تھا جس پر قابو پالیا،کراچی کا امن مزید دیرپا بنائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں