سانحہ اے پی ایس کی دوسری برسی ملک بھرمیں خصوصی تقریبات

مختلف تقریبات میں دہشت گردی كے خلاف جنگ میں سرگرم پاك فوج اورشہداء كے لواحقین سے یكجہتی كا اظہار كیا جائے گا

مركزی تقریب آرمی پبلك اسكول میں ہوگی ۔ فوٹو؛ فائل

سانحہ آرمی پبلك اسكول کے شہدا کی دوسری برسی منائی گئی جس کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

سانحہ اے پی ایس کے شہدا کی برسی کے موقع پرملك بھر میں سیاسی و سماجی تنظیموں ،سول سوسائٹی ،این جی اوزاور تعلیمی اداروں كے زیر اہتمام مختلف تقریبات كا اہتمام كیا گیا جن میں شہدا كیلیے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی كی گئی۔ مركزی تقریب آرمی پبلك اسكول میں ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شركت کی جب کہ دیگر شہروں میں مختلف تقریبات میں شہدا كی یاد میں شمعیں روشن كی گئیں اور دہشت گردی كے خلاف جنگ میں سرگرم پاک فوج اورشہداء كے لواحقین سے یكجہتی كا اظہار كیا گیا۔

دوسری جانب سانحہ اے پی ایس کی دوسری برسی کے موقع پر مردان میں تمام سركاری اور نجی تعلیمی ادارے بندرہے، عبدالولی خان یونیورسٹی بھی بند رہی۔ سانحہ اے پی ایس كی یاد میں تمام سركاری اور نجی ادارے بند ركھنے كا اعلان ڈپٹی كمشنر ڈاكٹر عمران حامدشیخ كی طرف سے کیا گیا جس کا مقصد شہدا كے ساتھ یوم یكجہتی منانا تھا۔

ادھر خیبرپختونخواحكومت نے سانحہ آرمی پبلك اسكول كے شہدا كو خراج عقیدت پیش كرنے كے لیے جناح پارك پشاور میں ان كی یادگار تعمیر كرنے كا فیصلہ كیا ہے جس كے لیے حكومت نے فنڈزمختص كرنے كے لیے ہدایات جاری كردی ہیں۔ صوبائی حكومت كی جانب سے آركائیوز لائبریری میں سانحہ اے پی ایس كے شہدا كی یاد میں یادگارشہداء تعمیر كرنے كا اعلان كیا گیا تھا تاہم مذكورہ یادگار تاحال تعمیر نہیں ہوسكی جس پر شہدا كے والدین كی جانب سے تحفظات كا اظہار كیاجارہاتھا جس كی بنیاد پر صوبائی حكومت نے اب جناح پارك پشاور میں اے پی ایس شہدا كی یاد میں یادگار تعمیر كرنے كا فیصلہ كیاہے۔


پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے شہدائے اے پی ایس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھولے گی تاہم ہم دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی دوسری برسی کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ دسمبر 2014ء کے دن سفاک درندوں نے آرمی پبلک اسکول پشاور میں معصوم بچوں کے خون سے ہولی کھیلی، آرمی پبلک اسکول پشاورکے بچوں نے بہادری اورجرأت کی نئی تاریخ رقم کی جب کہ قوم کے بہادر بچوں اوراساتذہ کی لازوال قربانیوں کے باعث وطن عزیز کو امن نصیب ہوا ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم آج بھی سانحہ اے پی ایس پر سوگوار ہے، معصوم شہیدوں کا خون نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل کا تقاضا کررہا ہے تاہم پیپلز پارٹی شہیدوں کا خون رائیگاں ہونے نہیں دے گی۔

واضح رہے کہ 2 سال قبل پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے میں دہشت گردوں نے وارسك روڈ پشاور پر قائم آرمی پبلك اسكول پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں اساتذہ و طلباء سمیت 150 افراد شہید ہوئے جب کہ فورسز نے تمام دہشت گردوں كو ان كے انجام تك پہنچایا تھا۔

https://www.dailymotion.com/video/x55fkyp
Load Next Story