کولمبیا پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کا خواہشمند

معمولی تجارت کی وجہ معلومات کافقدان ہے،سفیر،اسلام آبادچیمبرآمد،بی ٹوبی روابط پر زور


Khususi Reporter December 16, 2016
تجارتی وفود کاتبادلہ، نمائشیںمنعقدکی جائیں،کولمبیاٹیکسٹائل پاکستان سے لے،خالد اقبال فوٹو: فائل

پاکستان میں تعینات کولمبیا کے سفیر جوئان الفریڈو پنٹو ساوردا نے کہا ہے کہ کولمبیا پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کا سب سے بہتر طریقہ یہی ہے کہ پاکستان اور کولمبیا کے نجی شعبوں کے مابین براہ راست روابط قائم کیے جائیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجربرادری سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان اور کولمبیا کے مابین باہمی تجارت بہت معمولی ہے جس کی بنیادی وجہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے بارے میں معلومات کا فقدان ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان اور کولمبیا کے چیمبرز آف کامرس کو چاہیے کہ وہ بزنس ٹو بزنس تعلقات بڑھانے کیلیے باہمی تعاون کے سمجھوتے کریں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلے میں دونوں ممالک کی تجارتی تنظیموں کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں میں تعاون کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا پاکستان اور کولمیبا کو چاہیے کہ سب سے پہلے اپنی اپنی 20 ایسی مصنوعات کی نشاندہی کریں جس میں دونوں باہمی تجارت کو فروغ دے سکیں اور رفتہ رفتہ دیگر مصنوعات کی دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کی کوشش کریں، پاکستان کولمبیا کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دے کر شمالی امریکا کی مارکیٹوں تک بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے اس موقع پر کہاکہ پاک کولمبیا تجارت کو فروغ دینے کا بہترین طریقہ تجارتی وفود کا باکثرت تبادلہ ہے۔

جس کے ذریعے دونوں ممالک مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کر سکتے ہیں، دونوں ممالک سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد پر خاص توجہ دیں اور ایک دوسرے کے ممالک میں ہونے والے تجارتی میلوں میں شرکت کو یقینی بنائیں۔انہوںنے کہا کہ کولمبیا پاکستان کو ٹیکنالوجی اور فنی مہارت فراہم کرے تاکہ وہ توانائی کے شعبے میں بہتری لا کر ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کر سکے، کولمبیا ٹیکسٹائل مصنوعات پاکستان سے درآمد کرے۔ انہوںنے سفیر کو یقین دلایا کہ معاشی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کیلیے اسلام آباد چیمبر کولمبیا چیمبر کے ساتھ باہمی تعاون کا سمجھوتہ کرنے پر غور کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں