گابا کرکٹ اسٹیڈیم میں شائقین کا سیلاب امڈ آیا

26343افرادکینگروزکی شانداربیٹنگ دیکھنے کے لیے موجود رہے،نیا ریکارڈ قائم


Sports Desk December 16, 2016
میدان کے ایک طرف موجود عارضی سوئمنگ پول بھی بھرپور توجہ کا مرکز بنا رہا ۔ فوٹو : فائل

گابا کرکٹ اسٹیڈیم میں شائقین کا سیلاب امڈ آیا، پہلے روز 26343 افراد کینگروز کی شاندار بیٹنگ دیکھنے کیلیے موجود تھے، یوں نیا ریکارڈ قائم ہوگیا، میدان کے ایک طرف عارضی سوئمنگ پول بھی بھرپور توجہ کا مرکز بنا رہا۔

تفصیلات کے مطابق ڈے اینڈ نائٹ میچز کو ٹیسٹ کرکٹ کا مستقبل قرار دیا گیا ہے، شائقین کی توجہ حاصل کرنے کیلیے نت نئے طریقے بھی تلاش کیے جا رہے ہیں،آسٹریلیا میں انھیں بھرپور پذیرائی بھی حاصل ہونے لگی، گذشتہ روز برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں پاکستان کیخلاف ٹیسٹ میں کراؤڈ کی آمد کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا،کھیل کا دوسرا سیشن شروع ہونے تک 20ہزار تماشائی اسٹیڈیم آ چکے تھے، بعد ازاں یہ تعداد 26343 تک جا پہنچی جو ایشز کے سوا کسی ٹیسٹ میں پہلے روز کا ایک ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل یہاں 2012 میں کھیلے جانیوالے میچ میں 25114 افراد آئے جب جنوبی افریقی ٹیم 30سال بعد گابا میں میزبان کینگروز کے مقابل ہوئی تھی، میچ کے دوران میدان کے ایک طرف موجود عارضی سوئمنگ پول بھی بھرپور توجہ کا مرکز بنا رہا،اولمپک چیمپئن تیراک اسٹیفنی ٹیلرز لائف گارڈ کی ذمہ داریاں نبھاتی نظر آئیں، تماشائی میزبان ٹیم کی شاندار بیٹنگ کا جشن منانے کیساتھ پانی میںاٹھکیلیاںبھی کرتے رہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جیمز سندر لینڈ اس تجربے کی کامیابی پر پھولے نہیں سما رہے۔

انھوں نے کہاکہ پہلے ہی روز تماشائیوں کی ریکارڈ تعداد میں آمد نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے روشن مستقبل کی نوید سنا دی، عوام نے یہاں کرکٹ کا بھرپور لطف اٹھایا،امید ہے کہ میچ کے باقی دنوں میں تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا،میدان کے اطراف میں رونقوں سے یہ بھی ثابت ہواکہ گابا کو میزبانی دینے کا فیصلہ غلط نہیں تھا، یہاں مصنوعی روشنیوں میں مزید ٹیسٹ میچز کرائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں