27دسمبرکون لیگ کے خلاف پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کا اعلان متوقع

 پیپلز پارٹی کی قیادت نے دبئی میں مشاورتی عمل شروع کردیا ہے جوآج بھی جاری رہے گا


عامر خان December 16, 2016
 پیپلز پارٹی کی قیادت نے دبئی میں مشاورتی عمل شروع کردیا ہے جوآج بھی جاری رہے گا:فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کی قیادت نے ایک مرتبہ پھراپنے اس عزم کااعادہ کیاہے کہ وہ ملک میں جمہوری اداروں کی بقا اوراستحکام کے لیے اپنا جمہوری کردار ادا کرتی رہے گی، چیئرمین پی پی کی جانب سے پیش کردہ 4 نکات پر کسی قسم کی لچک کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا اور ملک کو درپیش قومی مسائل پر سیاسی اتفاق رائے کے لیے سیاسی قوتوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔

حکومت نے پیپلز پارٹی کے مطالبات کو تسلیم نہ کیا تو 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں ہونے والے جلسے میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حکومت کیخلاف لانگ مارچ کا اعلان کریںگے اور حکومت مخالف تحریک بھی شروع کی جاسکتی ہے۔ پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے دبئی میں مشاورتی عمل شروع کردیا ہے جوجمعہ کوبھی جاری رہے گاتاہم حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کی حکمت عملی پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی( سی ای سی) طے کرے گی۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی دورہ اسلام آباد کے بعد دبئی روانگی متوقع ہے۔

پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دبئی میں اہم پارٹی رہنماؤں کا ایک مشاورتی اجلاس طلب کیا ہے ۔ بلاول بھٹو2 روز قبل دبئی پہنچے تھے جبکہ شریک چیئرمین آصف زرداری، ایم این اے فریال تالپور ، سینیٹررحمن ملک اور کئی دوسرے رہنما بھی وہاں موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ابھی تک سابق صدر آصف زرداری کی واپسی کے حوالے سے حتمی طور پر کوئی فیصلہ نہیں کرسکی ہے اور اس حوالے سے بڑی احتیاط کے ساتھ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔