روحانیت روشن راستہ

آپ کی زندگی سے جڑے سوالوں کے بہتر جوابات۔


آپ کی زندگی سے جڑے سوالوں کے بہتر جوابات۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: اولاد کی خوشی
سوال: میری عمر چالیس سال ہے۔ میری شادی دو سال پہلے ہوئی ہے۔ مجھے ابھی تک اولاد کی خوشی نہیں ملی۔ میرے شوہر کی یہ دوسری شادی ہے۔ اُن کی عمر اٹھاون سال ہے۔ میرے شوہر کے پہلی بیوی سے بچے ہیں۔ ان بچوں کا سلوک میرے ساتھ بہت بُرا ہے جب کہ میں اُن کا خیال رکھتی ہوں۔ مجھ سے بے اولادی کا دکھ برداشت نہیں ہوتا۔ میں چاہتی ہوں کہ اﷲ تعالیٰ میری گود ہری کردے۔ میرا الٹرا ساؤنڈ اور دیگر کئی ٹیسٹ نارمل ہیں۔
(نام نہ دیں۔ گجرانوالہ)

جواب: اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ کو اپنے شوہر کے گھر میں بہت عزت واحترام نصیب ہو۔ اولاد ہونے میں تاخیر یا بانجھ پن کے اسباب میں وزن کی زیادتی، اسٹریس بھی شامل ہیں۔ مجھے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ کا وزن زیادہ ہے اور آپ کھانے پینے میں بھی متوازن غذا کی بجائے مرغن کھانے زیادہ پسند کرتی ہیں۔ آپ کو اپنی غذا اور غذائی معمولات کی اصلاح کی ضرورت ہے۔

روزانہ ڈیڑھ سے دو کلومیٹر پیدل چلنا بھی ضروری ہے۔ ان تدابیر کے ساتھ ساتھ بطور روحانی علاج رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ سورۂ آل عمران کی آیت نمبر 38میں سے: رب ھب لی من لدنک ذریۃً طیبۃ انک سمیع الدعاءO گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کر کے پییں ، اور اپنے اوپر بھی دم کرلیں اور دعا کریں۔ اس عمل کی مدت نوے روز ہے۔ ناغے کے دن شمار کر کے بعد میں پورے کرلیں۔

والد نے گھر سے نکال دیا
سوال: ہمارے والد ہیئر ڈریسر ہیں۔ ہمارے دادا گاؤں میں رہتے تھے۔ ہمارے والد نے شہر آکر بغیر کسی سرمائے کے خالص اپنی محنت سے کاروبار جمایا۔ ہم پانچ بھائی ہیں۔ میں چوتھے نمبر پر ہوں۔ ہم بھائیوں نے آٹھویں یا میٹرک تک تعلیم حاصل کی۔ جیسے جیسے ہم بڑے ہوتے گئے والد صاحب ہیئر کٹنگ سکھا کر ہمیں اپنے ساتھ کام پر لگاتے رہے۔ جس بھائی کی شادی ہوئی اس کے لیے سیلون میں ایک کرسی مخصوص کردی گئی۔ اس طرح وہ والد کے سیلون سے وابستہ بھی رہا اور اس کی علیحدہ کمائی کا بندوبست بھی ہوگیا۔

ہمارے والد صاحب غصے کے تیز ہیں۔ انہوں نے ہمیں ہنر سکھایا، ہمیں اپنے ساتھ کام پر بھی لگایا، لیکن ساتھ میں وہ یہ بھی جتاتے رہتے کہ یہ سب کاروبار میرا جمایا ہوا ہے ۔ میں جب چاہوں تم میں سے کسی کو بھی یہاں سے نکال سکتا ہوں۔ والد صاحب کا یہ رویہ دیکھ کر مجھ سے بڑے دو بھائیوں نے یہاں کام کرتے ہوئے خاموشی سے اپنی اپنی الگ دکان بھی کرلی اور وہاں کاری گروں کو کام پر لگا دیا۔ میری شادی کو دو سال ہوئے ہیں۔ میرا بچہ چھے ماہ کا ہے۔ پچھلے ماہ والد صاحب نے ناراض ہوکر مجھے اپنے کام سے الگ کردیا ہے۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ میں اپنی الگ رہائش کا بندوبست بھی کرلوں۔

میرے تو تصور میں بھی نہ تھا کہ میرے والد میرے ساتھ ایسا کریں گے۔ بیوی اور دودھ پیتے بچے کا ساتھ ہے۔ روزگار اور رہائش سے محرومی کے صدمے نے مجھے توڑ کر رکھ دیا ہے۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ کیا کروں؟ میرا قصور یہ ہے کہ میں کبھی کبھار والد کی کسی بات سے اتفاق نہیں کرتا تھا۔ میرے بھائی نے مجھ سے کہا بھی تھا کہ اپنا الگ بندوبست بھی کرکے رکھو لیکن میں ان کی بات ہنس کر ٹالتا رہا۔ اب میں کیا کروں؟
(نام شائع نہ کریں: کراچی)

جواب: اللہ تعالیٰ نے اور حضرت محمد رسول اﷲ ﷺ نے اولاد کو حکم دیا ہے کہ والدین کی اطاعت اور خدمت کی جائے۔ والدین کو حکم دیا ہے کہ اولاد کا اکرام کیا جائے۔ انہیں اچھی تربیت دی جائے اور ان کے ساتھ ناانصافی نہ کی جائے۔ اﷲ تعالیٰ آپ کے والد پر رحم فرمائیں۔ وہ شیطان کے بہکاوے میں آکر تکبر میں مبتلا ہورہے ہیں۔ آدمی کا تکبر کرنا اﷲ کو پسند نہیں ہے۔ اﷲ سے دعا ہے کہ آپ کے والد کو ہدایت ملے اور وہ محض اپنی خوشامد نہ کرنے پر اپنے کسی بیٹے یا بیٹی کے ساتھ ناانصافی کے مرتکب نہ ہوں۔

عشاء کی نماز کے بعد 101 مرتبہ سورۃ العنکبوت (29 ) کی آیت نمبر 60گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے رزق میں برکت اور حالات کی بہتری کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔ یقین رکھیے۔ اللہ آپ کو بے سہارا نہیں رہنے دے گا۔

جن قابو کرنے کا وظیفہ
سوال: گذشتہ چند سالوں میں میرے کئی کام بگڑے۔ تعلیم پوری نہ ہوسکی، دو تین کاروبار کرنا چاہے لیکن سرمایہ کی کمی کی وجہ سے کوئی کاروبار جم نہ سکا۔ مجھے ایک دوست نے بتایا کہ ایک عامل کے پاس کئی جنات ہیں۔ اگر ان کی خدمت کی جائے تو وہ جن قابو کرنے کا وظیفہ بتا دیں گے۔ چناںچہ ہم دونوں لاہور سے ان عامل صاحب کے پاس پہنچ گئے۔ ہمارے پاس پیسہ تو تھا نہیں ۔ پیسے کے علاوہ جو ان کی خدمت ہوسکتی تھی ہم نے کی۔ تین ماہ بعد انہوں نے ہمیں چند مشکل عملیات بتا دیے۔ میرا دوست تو وہ عملیات پورے نہ کرسکا۔ میں نے عامل صاحب کے بتائے ہوئے چلّے پورے کرلیے، لیکن کوئی جن تو کیا قابو ہوتا الٹا میرے رشتہ دار اور قریبی دوست بھی مجھ سے ناراض ہوتے گئے۔ عامل صاحب کہتے ہیں کہ جن قابو کرنا بچوں کا کھیل نہیں ہے۔ اس کے لیے بہت سختیاں اور لوگوں کی مخالفتیں بھی سہنا پڑتی ہیں۔ مجھ میں اب مزید سختیاں سہنے کی ہمت نہیں ہے۔
(س۔خ:لاہور)

جواب: بھائی! کن چکروں میں پڑے ہو؟ اپنے اوپر رحم کرو۔ کیمیاگری یا جنات قابو کرنے کے شوق میں کئی لوگ اپنا قیمتی وقت حتیٰ کہ اپنی صحت تک برباد کرلیتے ہیں۔ درحقیقت شارٹ کٹ کے متلاشی اور کم ہمت لوگ ان راہوں کو اختیار کرتے ہیں۔ تم زیادہ تعلیم حاصل نہیں کرسکے۔ اس میں بھی تمہاری اپنی کوتاہیاں شامل ہیں۔ بہرحال اب جن قابو کرنے کے فضول ٹاسک میں وقت ضائع کرنے کے بجائے اپنا وقت کوئی ہنر سیکھنے میں لگاؤ۔ تمہارے ہاتھ میں کوئی اچھا ہنر ہوگا تو تمہیں اچھا روزگار بھی مل جائے گا اور تمہاری قدر بھی ہوگی۔ بقول شیخ سعدی ؎

کسب کمال کن کہ عزیز جہاں شوی۔
تم پانچ وقت نماز کی پابندی کرو۔ خوداعتمادی اور ذہنی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یا حی یا قیوم کا ورد کرتے رہو۔

بیٹی کی شادی میں رکاوٹ
سوال: میری تین بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں۔ دو بیٹیوں کے فرائض سے فارغ ہوچکی ہوں۔ چھوٹی بیٹی ماشاء اﷲ خوش شکل اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے۔ لیکن اس کے رشتے میں بہت رکاوٹیں آرہی ہیں۔ اس کی عمر تیس سال سے زائد ہوچکی ہے۔ ایک بیٹا اس سے بڑا اور ایک اس سے چھوٹا ہے۔ دونوں ماشاء اﷲ برسر روزگار ہیں۔ یہ دونوں اپنی شادی کے لیے رضا مند نہیں۔ کہتے ہیں کہ پہلے بہن کی شادی ہوجائے پھر وہ اپنا گھر بسائیں گے۔ بیٹی کے لیے کئی رشتے آئے۔ بعض نے پسند بھی کرلیا لیکن بات فائنل نہیں ہوئی۔
(نام شایع نہ کریں: راولپنڈی)

جواب: عشاء کی نماز کے بعد 101مرتبہ سورہ بقرہ کی آیت 163گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر بیٹی کے رشتے میں حائل رکاوٹوں سے نجات کے لیے، اچھے گھرانے میں رشتہ طے ہونے اور خوش و خرم ازدواجی زندگی کے لیے دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز یا نوے روز تک جاری رکھیں۔ بیٹی سے کہیں کہ وہ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اﷲ تعالیٰ کے اسماء یا رحمٰن یا رحیم یا حفیظ یا سلام کا ورد کرتی رہے۔

اس کی طرف سے حسب استطاعت صدقہ بھی کردیں۔

خوشیوں سے محرومی
سوال: میری عمر بتیس سال ہوگئی تھی کہیں رشتہ طے نہ ہورہا تھا۔ میرے والدین سخت پریشان تھے۔ ایک جاننے والی کے توسط سے دوسرے شہر سے ایک رشتہ آیا۔ خاندان بظاہر اچھا تھا۔ لڑکے کے والد کا اپنا بڑا کاروبار تھا۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکا اپنے والد کے ساتھ کام کرتا ہے۔ میرے والدین نے اس لڑکے کے ساتھ میری شادی کردی۔ شادی کے بعد پتا چلا کہ وہ لڑکا ہائی پولر ڈس آرڈر کا مریض ہے۔ لڑکے والوں نے یہ بات ہم سے چھپائی تھی کہ اس کا پانچ سال سے علاج چل رہا تھا۔ شادی کے آٹھ ماہ بعد بھی ازدواجی تعلق قائم نہ ہوسکا۔ وہ شادی خلع پر ختم ہوئی۔

اس حادثے کے تین سال بعد میرا ایک اور رشتہ آیا۔ یہ صاحب پہلے سے شادی شدہ تھے۔ ان کی بیگم کا انتقال ہوچکا ہے۔ ان کے چار بچے ہیں۔ اپنے والدین کی پریشانی دیکھ کر میں نے اس انتہائی بے جوڑ رشتے کے لیے بھی ہاں کردی۔ شادی کی پہلی ہی رات ان صاحب نے مجھے کہا کہ انہوں نے یہ شادی صرف بچوں کی خاطر کی ہے۔ بچے خوش رہیں گے تو وہ صاحب بھی مجھ سے خوش رہیں گے۔ میں نے ان بچوں کا خیال رکھنے اور ان کا دل جیتنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ بچے مجھ سے مانوس نہ ہوسکے۔ اس طرح دوسری شادی کے دو سال بعد میں ایک بار پھر اپنے والدین کے گھر واپس آگئی۔

اب میری عمر چالیس سال ہونے والی ہے۔ میں ایک اسکول میں پڑھاتی ہوں۔ میری سیلری اچھی ہے۔ مالی طور پر کوئی پریشانی نہیں ہے۔ میں اب مزید تجربات سے بہت ڈرتی ہوں لیکن میری والدہ میری شادی کے لیے بہت فکر مند ہیں۔ یہ خط بھی میں ان ہی کے کہنے پر لکھ رہی ہوں۔
(ع۔و: کراچی)

جواب: اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ کے والدین کو اپنی سب اولاد کی طرف سے بہت خوشیاں ملیں۔ دعا ہے کہ آپ کا نصیب جلد کُھلے اور بہت عزت و احترام کے ساتھ ڈھیروں خوشیاں عطا ہوں۔ آمین۔ اﷲ پر بھروسا رکھیے اور پورے یقین کے ساتھ اپنی درخواست اﷲ کے دربار میں پیش کیجیے۔

عشاء کی نماز کے بعد 101 مرتبہ سورۃ العلق (65) کی دوسری آیت کا آخری حصہ:ومن یتق اللّٰہ یجعل لہ مغرجا اور تیسری آیت گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم نوے روز تک جاری رکھیں۔ ناغے کے دن شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔

بلڈ پریشر کے لیے دعا
سوال: ہم سات بہن بھائی ہیں۔ والدین کا انتقال ہوچکا ہے۔ ہمارے بڑے بھائی نے سب بہن بھائیوں کا بہت زیادہ خیال رکھا۔ پہلے بہنوں کی شادیاں ہوجائیں اس لیے خود چالیس سال کی عمر کے بعد شادی کی۔ اب ان کے تین بچے ہیں۔ بھائی کو کئی سال سے ہائی بلڈ پریشر کی شکایت ہوگئی ہے۔ ڈاکٹر کہتے ہیں کہ اس کی زیادہ وجہ اسٹریس ہے۔ بھائی کا ڈاکٹری علاج چل رہا ہے۔ درخواست ہے کہ اسٹریس سے نجات اور بلڈ پریشر سے شفا کے لیے کوئی دعا بتا دیں۔
(شفیق احمد: ملتان)

جواب: دعا ہے کہ آپ بہن بھائیوں کے لیے آپ کے بھائی صاحب کا ایثار قبول ہو اور انہیں برکت و شفا ملے۔ بھائی سے کہیے کہ وہ ڈاکٹری علاج اور مناسب پرہیز کے ساتھ ساتھ صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ یاحی قبل کل شئی یا حی بعد کل شئی۔

تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر پانی یا شہد پر دم کرکے پییں اور اپنے اوپر بھی دم کرلیں۔

کلر تھراپی کے اصولوں کے مطابق سبز شعاعوں میں تیار کردہ پانی صبح اور شام ایک ایک پیالی پییں۔ وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یا شافی یا سلام کا ورد کرتے رہیں۔

نظر بہت کم زور ہے
سوال: میرے چار بچے ہیں۔ دو بیٹیاں اور دو بیٹے۔ بیٹیاں الحمدﷲ ٹھیک ہیں لیکن دونوں بیٹوں کی نظر کم زور ہے۔ بڑے بیٹے کے چشمے کا نمبر 8 اور چھوٹے کا 6 ہے۔ دونوں بیٹے چشمہ پابندی سے لگاتے ہیں لیکن ان کی آنکھیں مسلسل کم زور ہوتی جارہی ہیں۔ آپ سے درخواست ہے کہ نظر کی کم زوری دور کرنے کے لیے کوئی دیسی علاج تجویز فرمادیں اور دعا بھی بتائیں۔
(مسز راجپوت: فیصل آباد)

جواب: نظر کی کم زوری میں قدرتی اجزاء پر مشتمل ایک مفید نسخہ مندرجہ ذیل ہے۔ایک پاؤ سونف لے کر اسے صاف کرلیں۔ تازہ گاجروں کا جوس ڈیڑھ سے دو لیٹر صاف شدہ سونف کو گاجر کے جوس میں ڈال دیں۔ جوس کو سونف میں تقریباً چھے سات گھنٹے جذب ہونے دیں، اس کے بعد یہ سونف کسی صاف کپڑے یا صاف کاغذ پر پھیلا کر سائے میں خشک کرلیں۔ گاجر کے جوس میں جذب کی ہوئی یہ سونف دونوں بیٹوں کو روزانہ صبح اور شام تین تین ٹیبل اسپون کھلائیں۔ بچوں سے کہیں کہ وہ اس سونف کو خوب اچھی طرح چباتے ہوئے لعاب نگلتے رہیں اور سونف بھی کھالیں۔ روزانہ تقریباً چھے ٹیبل اسپون سونف کھانی ہے۔ جب یہ سونف ختم ہوجائے تو مذکورہ ترکیب کے مطابق دوبارہ تیار کرلیں۔

اس نسخے سے نظر کی کم زوری میں مبتلا کئی بچوں اور بڑوں کو الحمدﷲ فائدہ ہوا ہے۔صبح اور رات سونے سے پہلے اکیس اکیس مرتبہ اللہ تعالیٰ کے اسماء الحق النور تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر بچوں کی آنکھوں پر دم کردیں۔

پودوں پر نظر۔۔۔۔۔
سوال: میں نے اپنے گھر میں کئی قسم کے پودے لگا رکھے ہیں۔ میں ان پودوں کی اچھی طرح دیکھ بھال بھی کرتی ہوں۔کچھ عرصے سے پانی اورکھاد مناسب ہونے کے باوجود کئی پودے مُرجھارہے ہیں۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ان پودوں کو نظر لگ گئی ہے۔ میں حیران ہوں کہ کیا پودوں کو بھی نظر لگ سکتی ہے؟
(مسز ف۔اسلام آباد)

جواب: جی ہاں! پودوں، درختوں، ہری بھری فصلوں وغیرہ کو بھی نظر لگ سکتی ہے۔ایک بڑی بالٹی میں پانی بھر کر 101مرتبہ: اﷲُ نُوْرُالسَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضOاول آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کردیں اور یہ پانی پودوں میں ڈال دیں۔ ہر تین روز کے بعد اس عمل کو دہرائیں۔

ساس تنگ کرتی ہیں
سوال: میری شادی کو پانچ سال ہوگئے ہیں۔ تین سال تک تو میرے شوہر کا رویہ میرے ساتھ بہت اچھا رہا لیکن میری ساس مجھ سے ناراض ہی رہتی ہیں۔ میں اپنی ساس کی طنزیہ باتیں برداشت کرتے کرتے تھک گئی ہوں۔ میرے شوہر کا رویہ بھی تبدیل ہوتا جارہا ہے۔ پہلے وہ اپنی والدہ کی باتیں سن کر مجھے تسلی دیا کرتے تھے لیکن اب کہتے ہیں کہ تمہارا ہی قصور ہوتا ہوگا۔ شوہر کی بے اعتنائی سے میں بہت ٹینشن میں رہنے لگی ہوں۔
(ع۔ن: بکھر)

جواب: رات سونے سے پہلے 101مرتبہ سورۂ مریم کی آیت کھیعص گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اﷲ تعالیٰ کے حضور دعا کریں کہ آپ کی ساس کو آپ کے ساتھ شفقت سے پیش آنے کی توفیق عطا ہو۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں