یونس خان کا بیٹ ایک بار پھر خاموش6  اننگزمیں صرف 16 رنز

ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزاررنزکی تکمیل کا خواب ادھورا رہ جانے کا خدشہ بڑھ گیا

ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزاررنزکی تکمیل کا خواب ادھورا رہ جانے کا خدشہ بڑھ گیا ۔ فوٹو : اے ایف پی

تجربہ کار بیٹسمین یونس خان گزشتہ 6 اننگز میں صرف 16 رنز بناسکے جس سے ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے 10 ہزار رنز بنانے کا خواب ادھورا رہ جانے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز یونس خان کی ناکامیوں کا سلسلہ مزید طویل ہو گیا ہے، برسبین ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سینئر بیٹسمین بغیر کھاتہ کھولے ڈگماتی بیٹنگ کی مشکلات میں مزید اضافہ کرتے ہوئے پویلین لوٹ گئے،ان کےلیے پہلی گیند ہی آخری ثابت ہوئی، سابق کپتان اپنی آخری 6 اننگز میں صرف 16رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے جو ان کے کیریئر میں ناقص کارکردگی کے تسلسل کا نیا ریکارڈ ہے۔


گزشتہ 6 اننگز میں یونس خان کا اسکور بالترتیب 0،2،1 ،2 ،11، 0 رہا۔ اس سے قبل 6 اننگز میں یونس کا اپنا کم ترین اسکور 54 رنز2000 میں تھا،انہوں نے بالترتیب2،0،23،4، 2اور 23رنز بنائے تھے۔انگلینڈ کے خلاف پوری سیریز میں مسلسل ناکامیوں کے بعد انہوں نے آخری ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بناتے ہوئے اپنے ڈوبتے کیریئر کو سنبھالا دیا تھا،آسٹریلوی پچز پر ان کی مہم کا آغاز کسی ڈراﺅنے خواب کی مانند ہوا، باﺅنسی اور تیز پچز پر کم بیک کرنا سینئر بیٹسمین کے لیے بہت بڑا چیلنج ثابت ہوگا۔

یاد رہے کہ یونس خان نے اب تک 112 ٹیسٹ کی 201 اننگز میں 52.89 کی اوسط سے 9679 رنز اسکور کیے ہیں، انہیں 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والا پہلا پاکستانی بیٹسمین بننے کیلیے مزید 321 رنز درکار ہیں۔
Load Next Story