شاہ عبد الطیف بھٹائی کا عرس انتظامات مکمل غیر ملکی ادبا شعرا کو دعوت

وزیر اعلیٰ اوراسپیکرسمیت مختلف عوامی نمائندے مدعو، نامور فنکاربھی شریک ہونگے، لطیف ایوارڈ دیے جائینگے،عبدالعزیز عقیلی


Numainda Express December 25, 2012
عبد العزیز عقیلی نے بتایا کہ کانٹیجنسی پلان تشکیل دینے اور متعلقہ محکموں خصوصاً پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مؤثر حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

سندھ کے عظیم صوفی شاعر حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی کا 269 واں سالانہ عرس 28 دسمبر سے بھٹ شاہ میں شروع ہو رہا ہے۔

جس کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہیں، محکمہ ثقافت سندھ کے سیکریٹری عبدالعزیز عقیلی کے مطابق عرس کی تقریبات میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو ، صوبائی وزیر ثقافت سسی پلیجو، صوبائی وزیر نوادرات مخدوم جمیل الزماں سمیت دیگر منتخب عوامی نمائندوں اور سرکاری افسران کو مدعو کیا گیا ہے،عبد العزیز عقیلی نے بتایا کہ کانٹیجنسی پلان تشکیل دینے اور متعلقہ محکموں خصوصاً پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مؤثر حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ میلے کے دوران منعقد کیے جانے والے پروگرام پر امن ماحول میں ہو سکیں ، عرس پر منعقد ہونے والی دوسری عالمی ادبی کانفرنس میں شرکت کیلیے ایران، جرمنی اور بھارت سے ادبا کو دعوت دی گئی ہے جبکہ اس ضمن میں پاکستان کے نامور ادبا اور شعرا کرام کو بھی اس ادبی کانفرنس میں شرکت کیلیے مدعو کیا گیا ہے ۔

سندھ سے جن نامور ادیبوں اور شعرا کو دعوت دی گئی ہے ان میں ڈاکٹر غلام علی علامہ ، ڈاکٹر حبیب اللہ صدیقی ، ڈاکٹر فہمیدہ حسین کے نام سر فہرست ہیں جو بحیثیت مہمان اسپیکر کے طور پر شرکت کریں گی، انھوں نے کہا کہ شاہ بھٹائی کی شاعری کی اہمیت کے مدنظر جرمنی سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر اینی میری شمل اور ایچ ٹی سورلی نے بڑی تحقیق کرنے کے ساتھ ساتھ انکی شاعری کو جمع کیا ہے، صوبائی سیکریٹری نے مزید کہا کہ محکمے کی جانب سے سگھڑ کچہری بھی منعقد کی جائے گی اور کلچرل ولیج قائم کرنے کے ساتھ ساتھ پہلے دن پر مچ کچہری کا اہتمام بھی کیا جائے گا، جبکہ عرس کے تیسرے دن محفل موسیقی کا بھی انتظام کیا جائیگا جس میں سندھ کے نامور فنکار میلوڈی کوئین عابدہ پروین ، صنم ماروی اور دیگر کئی فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، انھوں نے کہا کہ میلے کی اختتامی تقریب میں سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں لطیف ایوارڈ تقسیم کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں