قومی ٹیم کی شرمناک پرفارمنس پر کوچ صفائیاں دینے پر مجبور

ٹیم سلیکشن غلط نہیں اور ایک ساتھ 3 لیفٹ آرم پیسرزکوکھلا کرکچھ غلط نہیں کیا، مکی آرتھر


Sports Desk December 17, 2016
ٹیم سلیکشن غلط نہیں اور ایک ساتھ 3 لیفٹ آرم پیسرزکوکھلا کرکچھ غلط نہیں کیا، مکی آرتھر فوٹو: فائل

آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم کی شرمناک پرفارمنس پر کوچ متوقع شکست سے قبل ہی صفائیاں دینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

گابا میں گرین کیپس کی شرمناک پرفارمنس نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کومتوقع شکست سے قبل ہی صفائیاں دینے پر مجبور کردیا،انہوں نے کہا کہ ٹیم سلیکشن غلط نہیں ہے، ایک ساتھ 3 لیفٹ آرم فاسٹ بولرز کو میدان میں اتار کر کچھ غلط نہیں کیا، سہیل خان 'کم بیک' کی صلاحیت سے عاری ہیں، یونس خان کے بارے میں شکوک موجود مگر وہ بڑی اننگز کھیل سکتے ہیں، برسبین میں نائٹ ٹیسٹ کی کنڈیشنز غیرمتوازن ہیں۔

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں محمد عامر، راحت علی اور وہاب ریاض کی صورت میں تین لیفٹ آرم فاسٹ بولرز کھلائے،عمران خان اور سہیل خان کو نظر انداز کردیا گیا۔ اس بارے میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ ہمارا اٹیک کافی متوازن اور اس میں تمام کنڈیشنز کے اسپیشلسٹ موجود ہیں، عمران خان ان وکٹوں پر اچھی بولنگ کرتے ہیں جن پر بہت زیادہ گھاس ہو مگر میں نہیں سمجھتا کہ ان کے پاس یہاں کی اچھی وکٹ پر بولنگ کیلیے پیس موجود ہے، اسی طرح سہیل خان سوئنگ کرسکتے ہیں مگر مجھے ان کی کم بیک کرنے کی صلاحیت پر شکوک ہیں، اگر انہیں بولنگ کا موقع ملے تو ان کا پہلا اسپیل بہت ہی اچھا ہوتا ہے، دوسرا بس ٹھیک ہے، تیسرا مشکل اور پھر آپ ان سے کچھ حاصل ہی نہیں کرسکتے، اس سے دوسرے بولرز پر دباﺅ بڑھ جاتا ہے۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم نے تین بہترین بولرز کا انتخاب کیا،اگر میں یہ کہوں کہ ہم نے آسٹریلوی ٹیم کا جائزہ نہیں لیا تویہ جھوٹ ہوگا ہم جانتے ہیں کہ ان کی الیون میں 7 لیفٹ ہینڈرز موجود ہیں۔ برسبین ٹیسٹ میں پاکستانی بولنگ ہی نہیں بلکہ بیٹنگ بھی پہلی اننگز اور پھر دوسری باری کے آغاز پر انتہائی مایوس کن رہی۔

واضح رہے کہ خاص طور پر پاکستانی بیٹسمینوں کو مصنوعی روشنی میں پنک گیند کے ساتھ کھیلنے میں مسئلہ درپیش رہا۔ اس بارے میں آرتھر نے کہا کہ دن اور رات میں کھیلنے میں کافی فرق ہے خاص طورپر برسبین میں کنڈیشنز یکسر مختلف ہیں یہاں پر پلیئنگ فیلڈ ایک جیسی نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔