پاکستانی سینما مالکان کا بھارتی فلموں پر عائد پابندی اٹھانے کا اعلان

بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی سے سینما انڈسٹری میں سرمایہ کاری بند ہوگئی تھی، آل پاکستان ایگزیبیٹرز ایسوسی ایشن


ویب ڈیسک December 17, 2016
بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی سے سینما انڈسٹری میں سرمایہ کاری بند ہوگئی تھی، آل پاکستان ایگزیبیٹرز ایسوسی ایشن، فوٹو؛ فائل

آل پاکستان ایگزیبٹرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں 19 دسمبر سے بھارتی فلموں پر عائد پابندی اٹھانے کا اعلان کردیا۔

آل پاکستان ایگزیبٹرز ایسوسی ایشن نے بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی 19 دسمبر سے اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ اسی روز سے سینما گھروں میں بھارتی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گے جس کے بعد سلمان خان کے بھائی ارباز خان اور نواز الدین صدیقی کی فلم ''فریکے علی'' کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

آل پاکستان ایگزیبٹرز ایسوسی ایشن کے چیرمین زوریز لاشاری کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلموں پر توجہ دی لیکن فلمیں کوئی خاطر خواہ بزنس نہ کرسکیں جس کے باعث سینما انڈسٹری میں سرمایہ کاری بند ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فلموں پر پابندی سے نئے سینما گھر بھی بننا بند ہوگئے تھے لہٰذ اہمیں پرانی باتیں بھول کر نئے دور کا آغاز کرنا چاہیے۔

دوسری جانب ملک بھر کے مختلف سینما گھروں کی ویب سائٹس پر اگلے ہفتے کے لیے بھارتی فلموں کی نمائش کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں باقاعدہ طور پر 19 دسمبر سے فلموں کی نمائش کا بتایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے بعد بھارتی سینما مالکان اور پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستانی اداکاروں اور فلموں کی نمائش پرپابندی لگادی گئی تھی جس کے جواب میں پاکستانی سینما گھروں سے بھی بھارتی فلمیں ہٹادی گئی تھیں جب کہ ملک بھر میں کیبل پر بھی بھارتی ٹی وی چینل کی نشریات پر پابندی عائد ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں