بم ڈسپوزل اسکواڈ نے چنا سوامی اسٹیڈیم کو کلیئر کردیا

تخریب کاری کا خطرہ دور کرنے کیلیے جاسوس کتوں کی مدد سے تلاشی لی گئی


Sports Desk December 25, 2012
انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد میچ کی سیکیورٹی کیلیے 5 ہزار اہلکار تعینات۔ فوٹو: فائل

پاک بھارت پہلے ٹوئنٹی 20 میچ سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ نے چنا سوامی اسٹیڈیم کو کلیئر کر دیا۔

کسی بھی قسم کی تخریب کاری کے خطرے کو دور کرنے کیلیے جاسوس کتوں کی مدد سے گرائونڈ کا کونہ کونہ چھانا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان منگل کو شیڈول پہلے ٹوئنٹی 20 میچ کے وینیو چناسوامی اسٹیڈیم کے گرد پہلے ہی سخت سیکیورٹی حصار قائم کردیا گیا تھا،گذشتہ روز مقامی پولیس کے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کسی بھی قسم کی تخریب کاری کے خطرے کو دور کرنے کیلیے اسٹیڈیم کی جدید ترین آلات اور جاسوس کتوں کی مدد سے مکمل تلاشی لی اور اس بات کا اچھی طرح اطمینان کرلیا کہ کہیں پر بھی کوئی دھماکہ خیز مواد پہلے ہی نصب نہیں کیا گیا ہے۔

1

ہندو انتہا پسند تنظیموں شیو سینا اوروشوا ہندو پریشد پہلے ہی پاک بھارت کرکٹ میچز کو سبوتاژ کرنے کی دھمکی دے چکی ہیں، انکے مقامی رہنمائوں نے بھی اعلان کررکھا کہ وہ ہر میچ کے موقع پر اسٹیڈیم کے باہر احتجاج کرینگے، یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ گرائونڈ کے اندر بھی احتجاجی مظاہرے کیلیے انکے کارکنوں نے ٹکٹیں حاصل کرلی ہیں۔

حکام کی جانب سے اس میچ کی سیکیورٹی کیلیے 5 ہزار اہلکار تعینات کردیے گئے،ان میں 100 بم ڈسپوزل ماہرین بھی شامل ہیں۔ بنگلور پولیس کے کمشنر جیوتی پرکاش میرجی کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کو بھی مکمل تلاشی لینے کے بعد گرائونڈ میں داخل ہونے دیا جائیگا،اسٹیڈیم کے اندر بھی کسی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلیے پولیس اہلکار بڑی تعداد میں موجود ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں