حیدری مارکیٹ20سے زائد کیبنوں میں پُراسرار آتشزدگی

فائر بریگیڈ نے2گھنٹے کی جدوجہد کے بعدآگ پر قابو پایا


Staff Reporter December 25, 2012
کیبنوں میں آتشزدگی کے بعد دکاندار اپنا بچ جانے والا سامان نکال کر لے جا رہے ہیں،واقعے میں کیبن مالکان کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ فوٹو : ایکسپریس

حیدری مارکیٹ کے قریب 20سے زائد کیبنوں میں پراسرار آتشزدگی کے باعث بھاری مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ انھوں نے سامان ادھار پر لیا ہوا تھا اور اب وہ یہ سوچ کر پریشان ہو رہے ہیں کہ ادھار کی ادائیگی کیسے کی جائے گی، فائر بریگیڈ کے عملے نے 2گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، ادھر سائٹ میں آتشزدگی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی روئی کی گانٹھیں جل گئیں جبکہ سیمنز چورنگی تقی ٹیکسٹائل کے قریب خالی پلاٹ پر کچرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے حیدری مارکیٹ کے سامنے بنے ہوئے کیبنوں میں پیر کی صبح پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر کیبنوں کو بھی اپنی لپٹ میں لے لیا، آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ 2 گاڑیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا اور2 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پاتے ہوئے دیگر کیبنوں کو جلنے سے بچالیا ۔

فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے باعث 7 کیبن اور اس میں رکھا ہوا سامان جس میں گارمنٹس ، کراکری،کاسمیٹک ، چشمے اور انڈر گارمنٹس سمیت دیگر سامان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیاجبکہ آگ نے دیگرکیبنوں کو بھی متاثر کیا اور ان کیبنوں میں رکھا سامان بھی جل گیا، آتشزدگی کی اطلاع پر کیبنوں کے مالکان موقع پر پہنچ گئے اپنا مال و اسباب جلتا دیکھ کر روتے رہے، آگ پر قابو پانے کے بعد دکاندار جلے ہوئے کیبنوں سے بچ جانے والا سامان نکالتے رہے ، دکانداروں کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے کے باعث انھیں لاکھوں روپے مالیت کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے اور وہ مالی طور پر دیوالیہ ہوگئے ہیں اور وہ یہ سوچ سوچ کر پریشان ہیں کہ جلنے والاسامان ادھار پر لیاتھا جس کی ادائیگی وہ کہاں سے کریں گے ، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کیبنوں میں لگنے والی آگ کی فوری طور پر وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

2

تاہم آتشزدگی کے باعث بھاری مالیت کا نقصان ہوا ہے، سائٹ کے علاقے پلاٹ نمبر A-66 پر واقع مقامی ٹیکسٹائل مل میں رکھی ہوئی روئی کی گانٹھوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کا عملہ 3 گاڑیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا اور ساڑھے 3 گھنٹوں کی سخت جدو جہد کے بعد روئی کی گانٹھوں میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا ، فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ آگ کی وجہ سے بھاری مالیت کی 122 روئی کی گانٹھیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں جبکہ روئی کی دیگر گانٹھوں کو جلنے سے بچا لیا گیا ، روئی کی گانٹھیں ٹیکسٹائل کے کھلے ایریا میں رکھی ہوئی تھیں جبکہ آگ لگنے کہ وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ، آتشزدگی کا تیسرا واقعے میں سائٹ کے علاقے سیمنز چورنگی تقی ٹیکسٹائل کے قریب خالی پلاٹ پر کچرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کا عملہ 4 گاڑیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا اور سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں